عراق میں تشدد کے مختلف واقعات میں 10 امریکی فوجیوں سمیت 38افراد ہلاک، متعدد زخمی،بغداد سے 32لاشیں برآمد ، عراقی وزارت داخلہ کا ملک کے مختلف علاقوں سے 137مزاحمت کاروں کوگرفتارکرنے کا دعویٰ۔اپ ڈیٹ

اتوار 27 مئی 2007 22:13

عراق میں تشدد کے مختلف واقعات میں 10 امریکی فوجیوں سمیت 38افراد ہلاک، ..
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی۔2007ء) عراق میں بم دھماکے ،گرنیڈ حملے ،فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں دس امریکی فوجیوں سمیت 38افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ بغداد سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 32لاشیں برآمد ہوئی ہیں ادھر عراقی وزرات داخلہ نے مختلف علاقوں سے 137مزاحمت کاروں کوگرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔عراقی سیکورٹی حکام کے مطابق مسلح افراد نے اچانک شمالی بغداد کی ایک مارکیٹ میں فائرنگ کر دی جس سے چارافراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے اعظمیہ میں سڑک کنارے بم دھماکے سے پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے حکام کے مطابق سمارا میں بھی مسلح افراد نے ایک کار پر فائرنگ کرکے چار سینئر پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا ۔

جنوبی بغداد کے علاقے نہروان میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے تین کسانوں کو ہلاک جبکہ نو کو زخمی کردیا پولیس کے مطابق وسطی بغدا دکی شورجا مارکیٹ میں مسلح افراد نے گرینیڈوں سے حملہ کرنے کے بعد فائرنگ کردی جس سے پانچ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے وسطی بغداد ہی کے علاقے ال مودہم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے بصرہ میں برطانوی فوج نے گرینیڈ حملے اورسڑک کے کنارے نصب بم کے حملوں کے بعد فائرنگ کرکے پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک جبکہ4 کوگرفتار کر لیا اس کارروائی میں کوئی برطانوی فوجی ہلاک یازخمی نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

محکمہ دفاع کی جانب سے جاری ہونیو الے بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی فوج نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4مزاحمت کاروں کو ہلاک جبکہ 137کو گرفتار کرلیا ہے امریکی فوج کے مطابق بغداد اور ا س کے گرد ونواح میں تشدد کے مختلف واقعات میں دس امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔امریکی فوج نے بھی عراق کے مختلف علاقوں سے 18مزاحمت کاروں کوگرفتارکرکے بم بنانے والے سامان کو ضائع کرنے کا دعویٰ کیا ہے ادھر بغداد کے مختلف علاقوں سے 24گھنٹوں کے دوران 32لاشیں ملی ہیں جنہیں تشدد کرکے ہلاک کیا گیا بغداد کے یرموک اسپتال میں حکام نے بتایا کہ لاشیں جنوبی بغداد کے علاقے دوراسے ملی ہیں جہاں گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران مسلح افراد کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی ہیں ہلاک ہونے والوں15سے24سال کے درمیان ہیں۔

پولیس کے مطابق انہیں گزشتہ روز بغداد کے مختلف علاقوں سے 20افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں سروں میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھادوسری جانب الصدر سٹی سے امریکی فوج نے ایران سے اسلحہ اسمگلنگ کرنے کے الزام میں ایک اور شخص کو گرفتار کرلیا امریکی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ گرفتاری ایران سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والا مشتبہ شخص ایران سے عراق اسلحہ اور دھماکا خیزمواد اسمگلنگ کر تا تھا۔گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران امریکی فوج نے روزانہ کی بنیاد پر کی جا نے والی کارروائی میں اسمگلنگ کے الزام میں کئی افراد کو ہلاک یا گرفتار کیا ہے ۔