صدر پرویز مشرف سے وزیراعظم کی ملاقات، عدلیہ کے بحران پر تبادلہ خیال

منگل 29 مئی 2007 18:21

صدر پرویز مشرف سے وزیراعظم کی ملاقات، عدلیہ کے بحران پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مئی۔2007ء) صدر جنرل پرویز مشرف سے وزیراعظم شوکت عزیز کی ملاقات، عدلیہ کے بحران، ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ بجٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کے روز ایوان صدر اسلام آباد میں وزیراعظم شوکت عزیز نے صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم موسمی معاملات پر بات چیت کی گئی خصوصاً دو معاملات زیادہ زیر بحث رہے جن میں آئندہ آنے والا بجٹ اور ملک میں سیاسی صورت حال شامل تھے۔

صدر مشرف نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ آئندہ بجٹ ایسا ہونا چاہیے جس سے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے اور یہ ٹیکس فری بجٹ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ ایسا ہو جسے عوام پسند کریں۔ ملاقات میں مہنگائی کے رحجان کو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا دوسرا اہم ایشو ملک میں سیاسی صورتحال اور عدلیہ کا معاملہ تھا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں کے درمیان 26 مئی کو سپریم کورٹ آڈیٹوریم میں ہونے والی تقاریر کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور اس واقعہ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات اور آئندہ ایسے واقعات سے نمٹنے کیلئے بھی غور کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ آئندہ کسی بھی سرکاری عمارت کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ ملاقات میں 12 مئی کو کراچی میں ہونے والے واقعات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :