سری لنکا،فوج اور تامل باغیوں میں خونریز جھڑپیں، دونوں اطراف سے 82ہلاک،باغیوں کا متعدد فوجی چوکیوں، بھاری ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں پر قبضہ کا دعویٰ،3 مشرقی دیہات میں 685 بارودی سرنگیں ، بم اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد

پیر 4 جون 2007 12:21

سری لنکا،فوج اور تامل باغیوں میں خونریز جھڑپیں، دونوں اطراف سے 82ہلاک،باغیوں ..
کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جون۔2007ء) سری لنکا میں فوج اور تامل باغیوں کے درمیان ہونے 24 گھنٹے تک جاری رہنے والی خونریز جھڑپوں میں دونوں جانب سے 82 افراد ہلاک جبکہ باغیوں نے متعدد چوکیوں، بھاری ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں پر بھی قبضہ کرنے جبکہ سری لنکن فورسز نے ملک کے تین مشرقی دہیات میں 685 بارودی سرنگیں ، بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ساں ادارے کے مطابق تامل باغیوں کے ترجمان نے بتایا کہ باغیوں نے منار اور واونیا کے اضلاع میں فوجی اڈوں پر حملے کرکے تیس فوجیوں کو ہلاک کردیا ،پانچ گھنٹے جاری رہنے والی لڑائی کے دوران متعدد فوجی چوکیوں، بھاری ہتھیاروں اور بکتر بندگاڑیوں پر بھی قبضہ کر لیاگیا۔ادھر سری لنکا کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقے میں شدید لڑائی ہوئی ہے، فوج نے گوریلا کارروائیاں کرتے ہوئے باون تامل باغیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا جبکہ پسپا ہونے والے باغی بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود چھوڑ کر بھاگ گئے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سری لنکا کی فوج نے تین مشرقی دیہاتوں میں تلاشی کی کارروائی کے دوران 6 سو 85 بارودی سرنگیں،بم اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔سری لنکن وزارت دفاع کے مطابق تلاشی کی کارروائی ویروگل ،پنکداویلی اورپانی چیچن کرنی نامی گاوٴں میں کی گئی اور بڑی تعداد میں دھماکا خیزمواد برآمد کیا گیا۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق فوجی حکام نے شناخت ظاہر کئے بغیر بتایاکہ برآمد کئے جانے والا اسلحہ تامل ٹائیگرز کاتھا۔