عراق میں القاعدہ اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کیخلاف امریکہ کا سب سے بڑا فضائی اور زمینی آپریشن شروع

آپریشن میں 10 ہزار اہلکار‘ لڑاکا طیارے‘ ہیلی کاپٹر اور سینکڑوں ٹینک حصہ لے رہے ہیں‘ ابتدائی حملوں میں 22مزاحمت کار ہلاک ‘ متعدد گرفتار,عراقی پولیس اور مہدی ملیشیا میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ میں مزید 15 افراد ہلاک

منگل 19 جون 2007 13:35

عراق میں القاعدہ اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کیخلاف امریکہ کا سب سے بڑا ..
بغداد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار19 جون 2007) عراقی دارالحکومت بغداد اور صوبہ دیالا میں اتحادی فوج نے القاعدہ اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کے خلاف دس ہزار اہلکاروں پر مشتمل بڑا فضائی اور زمینی آپریشن شروع کردیا ابتدائی حملوں میں 22 مزاحمت کار ہلاک جبکہ مہدی ملیشیا اور پولیس کے درمیان رات بھر جاری رہنے والی جھڑپوں میں مزید پندرہ افرادہ ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کے روز اتحادی افواج نے عراقی دارالحکومت بغداد کے شہر بعقوبہ اور صوبہ دیالا میں القاعدہ اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کیخلاف ایروہیڈ ریپر کے نام سے بڑا زمینی اور فضائی آپریشن شروع رکدیا ہے جس میں دس ہزار سے زائد اہلکار جنگی ہیلی کاپٹر‘ لڑاکا طیارے اور سینکڑوں ٹینک حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اتحادی فوج کے ڈپٹی کمانڈنگ جنرل بریگیدیئر جنرل مائیک بیڈ فارک نے بتایا کہ ابتدائی حملوں میں مختلف مقامات پر 22مزاحمت کاروں کو ہلاک جبکہ متعدد کو گرفتار کرلیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ آپریشن کب تک جاری رہے گا دریں اثناء صدر سٹی میں مہدی ملیشیا اور عراقی پولیس کے درمیان رات بھر جاری رہنے والی جھڑپوں میں مزید پندرہ افراد ہلاک ہوگئے واضح رہے کہ گزشتہ روز جھڑپوں کے دوران چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جس میں زیادہ تر کا تعلق مہدی ملیشیا سے تھا۔