عراق میں امریکی فوج کے آپریشن ،بم دھماکوں ،فائرنگ کے واقعات میں ایک امریکی فوجی سمیت 138افراد ہلاک ، 250سے زائد زخمی ، بغداد میں امریکی فوج کا بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ، اگر عراق میں ناکامی ہوئی تو دہشت گرد مشرق وسطیٰ پر قبضہ کرلیں گے،صدربش ۔اپ ڈیٹ

منگل 19 جون 2007 22:13

عراق میں امریکی فوج کے آپریشن ،بم دھماکوں ،فائرنگ کے واقعات میں ایک ..
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جون۔ 2007ء) عراق میں امریکی فوج کے آپریشن ،بم دھماکوں ،فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں ایک امریکی فوجی سمیت 138افراد ہلاک اور 250سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ بغداد میں مزاحمت کاروں کے خلاف امریکی فوج کا بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے ادھر امریکی صدر بش نے کہاہے کہ اگر عراق میں ناکامی ہوئی تو دہشت گرد مشرق وسطیٰ پر قبضہ کرلیں گے ۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کی ایک مسجد کے قریب ٹرک بم دھماکے اور اس کے بعد فائرنگ کے باعث 100کے قریب افراد ہلاک اور 250سے زخمی ہوگئے ۔ عراقی سیکورٹی ذرائع کے مطابق وسطی بغداد کے علاقے میں واقع الخیلانی مسجد کے باہر بارود سے بھرا ٹرک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد دھویں اور گرد کے بادل آسمان کی جانب بلند ہونا شروع ہو گئے جبکہ ہر طرف چیخ و پکار شروع ہو گئی۔

(جاری ہے)

دھماکے کے فوراً بعد نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی گئی سیکورٹی حکام کے مطابق وسطی بغداد میں ٹرک بم دھماکہ کرفیو کے خاتمہ کے صرف دو دن بعد پیش آیا جس میں بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے۔ حکام کے مطابق لخیلانی مسجد سمارا کے تجارتی علاقے سناک میں واقع ہے جہاں پر دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ واضح رہے کہ 28 مئی کو اسی علاقے میں ہونے والے خود کش کار بم دھماکے میں 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے جنوبی بغداد میں مہدی ملیشیا اور عراقی سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں چھ پولیس اہلکاروں سمیت پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جنوبی بغداد کے علاقے ناصریہ میں مہدی ملیشیا اور عراقی فورسز کے درمیان جھڑپیں دوسرے روز بھی جاری ہیں اس دوران مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو آگ لگادی اور کئی علاقوں میں بجلی اور ٹیلی فون کی لائنیں کاٹ دیں ناصریہ میں گزشتہ روز کی جھڑپوں کے بعد لگایا جانے والا کرفیو جاری ہے پیرکو جھڑپوں میں ناصریہ میں آٹھ اور عمارہ میں 36 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ بغداد میں بڑھتی ہوئی مزاحمت کے خلاف امریکی فوج کی جانب سے ایک بڑا آپریشن کیا جا رہا ہے جس کااندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ اس آپریشن میں دس ہزار امریکی فوجی اہلکار حصہ لے رہے ہیں ادھرامریکی فوج نے مشرقی بغداد میں مزاحمت کاروں کے ساتھ جھڑپ میں ایک فوجی کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے دوسری جانب و اشنگٹن میں اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ سے ملاقات کے دوران صدر بش نے کہاہے کہ اگر اتحادی فوج کو عراق میں ناکامی ہوئی تو دہشت گرد مشرق وسطیٰ پر قبضہ کرلیں گے۔