پنجاب کے کئی شہروں میں شدید بارش،15 جاں بحق، درجنوں زخمی، متعدد لاپتہ،آئندہ چند روز میں شمالی پنجاب، آزادکشمیر اور سرحد کے بعض علاقوں میں شدید بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب رہنے والوں کو خبر درا رہنے کی ہدایت

منگل 19 جون 2007 22:14

پنجاب کے کئی شہروں میں شدید بارش،15 جاں بحق، درجنوں زخمی، متعدد لاپتہ،آئندہ ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جون۔ 2007ء) پنجاب کے کئی شہروں میں منگل کی صبح ہونے والی بارش نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ، جھنگ، چیچہ وطنی اور ساہیوال سمیت کئی علاقوں میں منگل کو شدید بارش ہوئی۔ کمالیہ میں مسلسل 11 گھنٹے کی بارش سے بیسیوں کچے مکانات منہدم ہو گئے۔

جبکہ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ کمالیہ میں 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ چیچہ وطنی اور ساہیوال میں دو بچوں سمیت انچ افراد ہلاک ہو گئے۔ بہاولنگر، قصور، چونیاں، اوکاڑہ، ہڑپہ، کوڑ رادھا کشن، پتوکی میں بھی موسلہ دھار بارش ہوئی جس سے کئی گھنٹے تک بجلی کا سلسلہ منقطع ہو گیا ۔ ساہیوال میں دیوار منہدم ہونے سے دس سالہ بچہ وسیم موقع پر ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اس کے چھوٹے بھائی حمزہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شدید بارش کے نتیجے میں وسیع علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ متعدد کچی بستیوں کے ایک دوسرے سے رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔ بارش کے بعد پیدا ہونے والے حبس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر سانپ بچھو اور اس طرح کے دیگر جانوروں نے بھی بلوں سے نکل کر انسانی آبادیوں کا رخ کر لیا ہے۔

اس صورتحال سے عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ چند روز میں وسطی پنجاب سمیت آزادکشمیر اور اسلام آباد میں بھی موسلہ دھار بارش کا امکان ہے۔ بارش برسانے والی ہواؤں نے پاکستان کا رخ کر لیا ہے۔ یہ سلسلہ بہت جلد شمالی پنجاب اور سرحد کے بعض علاقوں میں شدید بارش کا باعث بن سکتا ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے تمام دریا منگل کو معمول کے مطابق بہتے رہے کسی بھی دریا میں قابل ذکر طغیانی دیکھنے میں نہیں آئی۔ جبکہ سرحد میں دریائے شاہ عالم، دریائے سوات اور دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب تھا۔ محکمہ موسمیات نے دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب بسنے والوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :