لاہور جیل میں 59 بھارتی قیدی موجود ہیں‘ 6‘ 7 ذہنی طور پر مفلوج ہو چکے‘ پاکستانی جیلوں کا دورہ کرنیوالے وفد کا الزام

ہفتہ 23 جون 2007 16:15

لاہور جیل میں 59 بھارتی قیدی موجود ہیں‘ 6‘ 7 ذہنی طور پر مفلوج ہو چکے‘ ..
نئی دہلی ( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار23 جون 2007) پاکستانی جیلوں کا دورہ کرنے والے 14 رکنی بھارتی وفد نے الزام لگایا ہے کہ لاہور جیل میں 59 بھارتی قیدی موجود ہیں جن میں سے 6 یا 7 افراد ذہنی طور پر مفلوج ہو چکے ہیں۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں پاکستانی جیلوں کا دورہ کرنیوالے 14 رکنی بھارتی وفد کے سربراہ جی ایس گل نے بتایا ہے کہ لاہور جیل کے دورے کے موقع پر انہوں نے 59 بھارتی قیدیوں سے ملاقات کی جو پچھلے 10 سال سے قید ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قیدیوں میں 6 یا 7 قیدیوں کی تعداد ایسی ہے جو ذہنی طور پر بالکل مفلوج ہیں اور یہ نہیں بتا سکتے کہ ان کو جیل میں کب لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل کے ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ جیل میں موجود 59 قیدی بھارتی شہری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر مزید آنکھیں نہیں بند کی جا سکتیں۔ پاکستان اور بھارت کو قیدیوں کی رہائی سے متعلق ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ 14 رکنی بھارتی وفد کو صدر مشرف نے 1971ء کی جنگ کے دوران لاپتہ فوجیوں کی تلاش کے لئے پاکستانی جیلوں کا دورہ کرنے کی اجازت دیدی تھی تاہم وفد کو پاکستان کی مختلف جیلوں کے معائنے کے بعد کوئی بھارتی جنگی قیدی نہیں ملا۔