صائمہ خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ندا چوہدری کو دھمکی آمیز فون کالز ‘فنکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ہم بھی اس ملک کے شہری ہیں ‘تھیٹر کے فنکاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے ‘ سہیل احمد ‘ امانت چن‘ خوشبو

ہفتہ 23 جون 2007 18:03

صائمہ خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ندا چوہدری کو دھمکی آمیز فون کالز ‘فنکاروں ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار23 جون 2007) تھیٹر کے اداکاروں نے صائمہ خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ندا چوہدری کو دھمکی آمیز فون کالز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تھیٹر کے فنکاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ہم بھی اس ملک کے شہری ہیں اور اگر حکومت ہمیں تحفظ نہیں دے سکتی تو بتائے ہم کے پاس جائیں ۔ تھیٹر کے سینئر اداکار سہیل احمد نے کہا کہ ہماری ایک دوست اداکارہ پر قاتلانہ حملہ اور دوسرے لوگوں کو دھمکی آمیز فون کالز کے بعد فنکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہیں ‘ لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک کسی کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اورعوام میں خوشیاں بکھیرنے والے فنکار عدم تحفظ کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں ۔

امانت چن نے کہا کہ کیا ہم اس ملک کے شہری نہیں کہ کسی نے ابھی تک ہم سے رابطہ نہیں کیا ہم کس حال میں ہیں‘ انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات کے بعد فنکار ذہنی طور پر شدید پریشانی کا شکار ہیں ‘ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں حکومت تحفظ فراہم کرے اور غنڈہ عناصر کو گرفتار کر کے انکے خلاف کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

خوشبو نے کہا کہ اداکارہ ندا چوہدری کو فون پر دھمکیاں دی جارہی ہیں اگر یہی حال رہا تو فنکار آئندہ کا لائحہ عمل بنانے پر مجبور ہونگے ۔ فنکاروں نے کہا کہ ہمیں اپنی جان عزیز ہے اور غنڈہ عناصر ہم سے بھتہ وصول کرنا چاہتے ہیں اور نہ دینے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دی جاتی ہیں جسکی ایک مثال صائمہ خان ہے ۔

متعلقہ عنوان :