کالے کوٹ والوں نے ملکی ترقی کا تہیہ کر لیا ہے۔ منیر اے ملک ۔۔عدلیہ کی آزادی کی جنگ جاری رہے گی، علی احمد سرور، فخر النساء کھوکھر اور دیگر کا استقبالیہ اجتماعات سے خطاب، قصور، بھائی پھیرو، پتوکی اور دیگر مقامات پر چیف جسٹس کے کاررواں کا شاندار استقبال

ہفتہ 23 جون 2007 19:33

کالے کوٹ والوں نے ملکی ترقی کا تہیہ کر لیا ہے۔ منیر اے ملک ۔۔عدلیہ کی ..
قصور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار23 جون 2007) چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کا کاروان لاہور سے ملتان جاتے ہوئے ضلع قصور کی حدود میں داخل ہوا تو ڈسٹرکٹ قصور کی تینوں بارز قصور چونیاں اور پتوکی کے وکلاء کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ سیاسی کارکنوں اور عہدیداروں کی ایک بہت بڑی تعداد نے انہیں خوش آمدید کہا۔ ضلع ناظم قصور رانا محمد حیات خان، (ن) لیگ پنجاب کے صدر سردار ذوالفقار احمد کھوسہ، احمد کھوسہ، نائب صوبائی صدر رانا سر اقبال خان، شہزادہ خان ، ملک خادم حسین ، تنویر احمد جونیئر، غلام مصطفی صابری، ہیبت نواز خان نیازی، حسن علی خان، ناصر خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے ملک اختر، سردار آصف احمد علی، محمد یٰسین نمبر دار نواز علی گل، جماعت اسلامی کے حاجی محمد رمضان، غلام مصطفےٰ مغل کے علاوہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے چیف جسٹس کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ خورشید قصوری کے بھائی بختیار قصوری بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کے اعزاز میں ضلع ناظم قصور رانا محمد حیات کی طرف سے جلوس کے شرکاء کیلئے ناشتہ کا اہتمام کیا گیا تھا مگر سیکیورٹی کے پیش نظر چیف جسٹس بھائی پھیرو میں اپنی گاڑی سے نیچے نہ اترے اور انہوں نے گاڑی میں بیٹھ کر میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔

بھائی پھیرو میں 15 منٹ قیام کے بعد چیف جسٹس پتوکی پہنچے جہاں قصور بار ے صدر چوہدری منیر احمد، سہیل عمران گجرو، مولانا عبدالحمید، چوہدری محمد اسحاق، تنویر اصغر، چوہدری اسد علی اور دوسرے وکلاء نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر شرکاء سے علی احمد کرد، منیر اے ملک، فخر النساء کھوکھر، سرفراز چیمہ، مہربان خان اور چوہدری منیر احمد ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی آزادی آئین کی حقیقی بحالی اور قانون کی حکمرانی تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں بھی کالے کوٹ نے اہم کردار ادا کیا اور اب پھر ایک دفعہ اس نازک گھڑی میں کالے کوٹ نے ملکی سلامتی کا تہیہ کر لیا۔ مقررین نے کہا کہ کالے کوٹ کی جدوجہد کے نتیجے میں آمریت کا جنازہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا جائے گا۔ مانگا منڈی سے لیکر واہ را دھا رام تک ضلع قصور کی حدود میں استقبالی بینروں کے علاوہ خوش آمدی جھنڈے اور ہورڈنگ لگائے گئے تھے۔ اور سیاسی جماعتوں نے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے۔

متعلقہ عنوان :