فیصل آباد، انجمن تاجران نے ملعون رشدی کے سرکی قیمت 25کروڑ روپے مقرر کردی

ہفتہ 23 جون 2007 22:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جون۔2007ء) انجمن تاجران نے ملعون رشدی کے سرکی قیمت 25کروڑ روپے مقرر کردی۔ ہفتے کونماز عصر کے بعد جامع مسجد کچہری بازار سے برطانیہ کی طرف سے ملعون رشدی کو ”سر “کا خطاب دینے کے خلاف انجمن تاجران فیصل آباد اور رابطہ علماء اسلام کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور چوک گھنٹہ گھر میں تاجروں کی تمام تنظیموں اور تمام مسالک کے نمائندہ علماء نے جلسہ سے خطاب کیا۔

انجمن تاجران کے صدر خواجہ شاہد رزاق سکا، رابطہ علماء اسلام کے مرکزی رہنما مفتی محمد ضیاء مدنی، یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے منور اے شیخ،اہلسنت والجماعت کے مولانا حبیب الرحمن صدیقی ،جمیعت اہلحدیث کے مولانا محمد یوسف انور، مرکزی میلاد کونسل کے منیر نورانی،ودیگر نے ناموس رسالت کے حوالے سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

انجمن تاجران کے صدر نے ملعون رشدی کے سر کی قیمت پچیس کروڑ روپے مقرر کی اور کہا وہ خود لندن جا کر ملعون رشدی کو قتل کرنے کی کوشش بھی کریں گے۔

اس موقع پر مختلف تاجروں کی طرف سے ملعون کے سر کی قیمت لاکھوں روپے مقرر کی گئی۔ اس موقع پر ملا محمد عمر مجاہد اور شیخ اسامہ بن لادن کو ”سر“ کا خطاب دیا گیا۔یہ اعلان بھی کیا گیا کہ حکومت برطانیہ کے خطاب واپس لینے تک چوک گھنٹہ گھر میں روزانہ احتجاجی جلوس اور جلسہ ہوا کرے گا۔ جسمیں تاجر تنظیمیں اور علماء شرکت کیا کریں گے۔ برطانیہ کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ قراردادوں کے ذریعے حکومت پاکستان سے سرکاری طور پر برطانیہ کا سفیر واپس بھجوانے اور پاکستان کا سفیر واپس بلوانے سمیت برطانیہ کو معافی مانگنے پر مجبور کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :