عراق میں پر تشدد واقعات میں امریکی فوجی سمیت ستائیس افراد ہلاک ، عراقی صدر جلال طالبانی کی تہران میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی ہم منصب محمود احمدی نژاد سے ملاقاتیں

بدھ 27 جون 2007 12:43

عراق میں پر تشدد واقعات میں امریکی فوجی سمیت ستائیس افراد ہلاک ، عراقی ..
بغداد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار27 جون 2007) عراق میں جھڑپوں‌ اور تشدد کے مختلف واقعات میں امریکی فوجی سمیت ستائیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ادھر تہران میں عراقی صدر جلال طالبانی نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور صدر محمود احمدی نژاد سے ملاقاتیں کی ہیں۔ عراقی و ایرانی صدور کے درمیان ملاقا ت میں اہم مذاکرات ہوئے جس میں عراق کی صورت حال اور اس حوالے سے ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ایرانی صدر نے یقین دلایا کہ ان کا ملک قومی ترقی اور فلاح کے منصوبوں پر عملدرآمد میں عراقی حکومت سے مکمل تعاون کرے گا۔ جلال طالبانی نے عراق کی تعمیرِ نو میں ایران کے تعاون اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی جانب سے ملنے والی رہنمائی کو سراہا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عراق میں پرتشدد واقعات میں ستائیس افراد ہلاک ہوگئے۔ صوبہ الانبار میں مزاحمت کاروں‌سے جھڑپ میں امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا۔

پولیس کو بغداد کے مختلف علاقوں سے اکیس افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ موصل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ موصل کے ایتھلیٹک کلب میں رات گئے بم دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے دو ہزار پانچ دو افراد کو قتل کرنے کے الزام میں عراقی وزیر ثقافت اسد الہاشمی کے گھر پر چھاپے مارے ہیں۔ عراقی عدالتی کونسل نے گذشتہ روز ان کے وارنٹ جاری کئے تھے۔