عراق، کار بم حملوں و بم دھماکوں میں امریکی فوجی و 23 عراقی ریکروٹس سمیت 38 ہلاک، متعدد زخمی

ارمیلی خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 155 سے تجاوز کر گئی، زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ۔دھماکوں میں متعدد مکانات و گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔(اپ ڈیٹ)

اتوار 8 جولائی 2007 19:20

عراق، کار بم حملوں و بم دھماکوں میں امریکی فوجی و 23 عراقی ریکروٹس سمیت ..
بغداد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار08 جولائی 2007) عراق میں کار بم حملوں و دھماکوں میں ایک امریکی فوجی اور 23 ریکروٹس سمیت 38 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ دھماکوں میں متعدد مکانات و گاڑیاں تباہ ہو گئیں، ادھر شمالی بغداد میں توز خورماتو کے علاقے ارمیلی میں خودکش حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 155 سے تجاوز کر گئی ہے، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ کئی افراد کی نماز جنازہ ادا کر کے انہیں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز بغداد کے شمالی علاقے میں خودکش کار حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 155 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 250 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ حملے میں ہلاک ہونے والے کئی افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر کے انہیں سپرد خاک کر دیا گیا اور ان کے غم میں سوگ منایا گیا۔

جبکہ اتوار کو بغداد کے شیعہ اکثریتی علاقے کرادا میں دو کار بم دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ اس دوران متعدد مکانات، دکانیں اور گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے ایک ریسٹورنٹ کے قریب پہلا دھماکہ ہوا جس سے وہاں گزرنے والے چار افراد ہلاک اور8 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ریسٹورنٹ سپریم اسلامک کونسل کے دفتر کے قریب واقع ہے جبکہ اس دھماکے کے 5 منٹ بعد ایک اور کار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے دھماکے میں کئی گاڑیاں اور مکانات بھی تباہ ہو گئے۔ جبکہ بغداد کے جنوب مغربی نواحی علاقے میں کریک ڈاؤن کیلئے آنے والے نئے عراقی فوجیوں کے ٹرک پر بم حملے کے نتیجے میں 23 ریکروٹس ہلاک اور 27 سے زائد زخمی ہوئے۔ ادھروسطی بغداد میں معروف شورجا مارکیٹ میں نصب بم کے دھماکے میں تین شہری جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔ جبکہ صوبہ صلاح الدین میں بم دھماکے سے ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا۔ امریکی فوج نے واقعے میں اہلکار کی تصدیق کر دی ہے۔ ادھر توزخرماتو میں پولیس نے خودکش حملوں کے خطرے کے پیش نظر علاقے کو سیل کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :