سوات میں فوجی قافلے پر 2خودکش بم حملے‘ 16سکیورٹی اہلکاروں سمیت 22افرادہلاک‘ 40 سے زائد زخمی،سکیورٹی فورسز کا قافلہ سوات سے مٹہ جارہا تھا کہ مٹہ کالج کے قریب سوزوکی گاڑیوں میں سوار دو خودکش حملہ آوروں نے اپنی گاڑیوں کو قافلے سے ٹکرا دیا۔خودکش بم دھماکوں سے قریبی 6گھر اور ایک پٹرول پمپ بھی تباہ ہوگیا‘ آئی ایس پی آر نے خودکش بم حملوں میں 12سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت اور 35 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔(اپ ڈییٹ)

اتوار 15 جولائی 2007 12:51

سوات میں فوجی قافلے پر 2خودکش بم حملے‘ 16سکیورٹی اہلکاروں سمیت 22افرادہلاک‘ ..
سوات(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار15جولائی 2007) صوبہ سرحد کے ضلع سوات کی تحصیل مٹہ میں پاک فوج کے قافلے پر دو خودکش بم حملے‘ 16سکیورٹی اہلکاروں سمیت 22افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں‘ دھماکوں سے6 گھر اور ایک پٹرول پمپ بھی تباہ ہوگیا‘ زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سوات اور دیگر ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے‘ دھماکوں کے بعد پورے علاقے کو سیل کردیا گیا‘ ہیلی کاپٹر نے پروازیں شروع کردیں۔

اتوار کے روز پاک فوج کا ایک قافلہ سوات سے مٹہ جارہا تھا کہ مٹہ کالج کے قریب دو خودکش حملہ آوروں نے اپنے آپ کو قافلے کی گاڑیوں سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں قافلے میں شامل تین گاڑیاں ایک پٹرول پمپ اور قریبی 6 گھر تباہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش بم حملوں میں 16فوجیوں سمیت 22افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں میں تین عام شہری ‘ ایک پٹرول پمپ کا ملازم اور دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک درجن کے قریب گاڑیوں پر مشتمل سکیورٹی فورسز کا قافلہ جونہی مٹہ کالج کے قریب پہنچا تو دو خودکش حملہ آوروں نے اپنی گاڑیوں کو جن میں دھماکہ خیز مواد موجود تھا فوجی قافلے سے ٹکرا دیں۔ جس کے نتیجے میں تین فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں ساتھ ہی سڑک کے کنارے نصب ایک ریموٹ کنٹرول بم کو بھی اڑا دیا گیا دھماکے اتنے شدید تھے کہ اس کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں۔

دھماکوں سے قریبی چھ گھر اور ایک پٹرول پمپ بھی تباہ ہوگیا۔ دھماکوں کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دھماکوں سے تباہ ہونے والے گھروں سے چار افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ گھروں میں ابھی بھی بہت سے لوگ دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ دھماکے کے فوری بعد ہیلی کاپٹروں کے ذریعے زخمیوں اور مرنے والوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو سیل کردیا اور لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کردی۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل وحید ارشد نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کے روز سکیورٹی فورسز کا قافلہ سوات سے مٹہ جارہا تھا کہ مٹہ کالج کے قریب نیلے رنگ کی دو سوزوکی پک اپ میں سوار خودکش حملہ آوروں نے گاڑیوں کو فوجی قافلے سے ٹکرا دیا۔

ساتھ ہی ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک بارہ سکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق اور 35کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سوات ‘ پشاور ‘راولپنڈی اور دیگر ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔