پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کی ریس آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر جیف لاسن نے جیت لی ۔ایک ماہ کے اندر لاہور آ جاؤں گا‘ٹونٹی ‘ ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی تربیت کروں گا ‘ نو منتخب کوچ

پیر 16 جولائی 2007 13:00

پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کی ریس آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر جیف ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار16 جولائی2007 ) واٹمور اور جیف لاسن کے درمیان پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کی ریس آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر جیف لاسن نے جیت لی ۔جیف لاسن نے اپنے کوچ مقرر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں کوچ مقرر کئے جانے سے باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے واٹمور کو کوچ مقرر کرنا چاہتا تھا لیکن بعد ازاں ٹیم مینیجر اور سینئر کھلاڑیوں سے مشورہ کرنے کے بعد قرعہ جیف لاسن کے نام نکل آیا ۔

سینئر کرکٹ بورڈ پنجاب کے سیکرٹری علی سلمان رانا نے جیف لاسن کو کوچ مقرر ہونے پر مبارک باد دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں واٹمور کے حق میں تھا لیکن پاکستان ٹیم واٹمورکے حق میں نہ تھی جبکہ سری لنکا کے رانا ٹنگا نے بھی گلاسگو میں پاکستان ٹیم کے مینیجر طلعت علی کو واٹمور کے خلاف کئی باتوں سے آاہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

واٹمور پہلے پی سی بی کی فیورٹ لسٹ میں تھا لیکن طلعت علی کی رانا ٹنگا سے ملاقات کے بعد اس کے چانسز کم ہوگئے تھے ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے گزشتہ دس سالوں میں گیارہ کوچ تبدیل ہو چکے ہیں لاسن نے اپنے انتخاب کے بعد کہا کہ پاکستان کا سکواڈ بہت ٹیلنٹد ہے اور میں کھلاڑیوں کی کلاس دیکھ کر بطور کوچ بہت پرجوش ہوں کے اتنے اچھے سکواڈ کے ساتھ مجھے کام کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماہ کے اند ر لاہور آ جائینگے تاکہ وہ ٹونٹی ‘ ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان ٹیم میں کچھ تبدیلیاں لائیں گے وہ کچھ آسٹریلین کو بھی اپنے ساتھ لاہور لیکر جائیں گے ۔جیف لاسن نے آسٹریلیا کے لئے 46 ٹیسٹ اور79ون ڈے کھیلے ہیں اور ان کے پاس کوچنگ کا انٹرنیشنل تجربہ نہیں ہے وہ نیو ساؤتھ ویلز کے انچارج رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر کی موت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچ کی تقرری کے لئے اپنی ویب سائیٹس پر اشتہاردیا تھا جس کے لئے متعدد ملکی اور غیر ملکی امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں۔