اسلام آباد میں خودکش بم دھماکے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ ٹیم تشکیل دیدی گئی

بدھ 18 جولائی 2007 13:13

اسلام آباد میں خودکش بم دھماکے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ ٹیم تشکیل دیدی ..
اسلام آباد (اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین18 جولائی2007) اسلام آباد خودکش دھماکے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے‘ ٹیم میں ایف آئی اے‘ انٹیلی جنس ادارے اور پولیس کے نمائندے شامل ہیں‘ خودکش حملہ آور کی شناخت کیلئے اس کا خاکہ تیار کیا جارہا ہے اور ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے اس کے نمونے بھی لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ خودکش حملہ آور کے جسم کے باقی اعضاء کے فنگر پرنٹ لے کر نادرا کو دیئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایف ایٹ میں چیف جسٹس کے جلسہ گاہ کے قریب خودکش دھماکے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے اس ٹیم میں ایف آئی اے کا تحقیقاتی سیل ‘ پولیس کے افسران اور انٹیلی جنس حکام شامل ہیں۔ یہ ٹیم مختلف حوالوں سے تحقیقات کریگی۔

(جاری ہے)

اب تک کی جو تحقیقات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق خودکش دھماکے کی جگہ جو ایک سر ملا تھا اس کی حالت بہت خراب ہے جسے سرجری اور جائزے کے لئے آرمی ہسپتال جبکہ اعضاء کے مواد کو ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کا خاکہ بھی تیار کیا جارہا ہے جو جلد شائع کردیا جائے گا اس کے علاوہ خودکش حملہ آور کے جسم کے باقی حصوں کے فنگر پرنٹ بھی لے کر نادرا کو دیئے جائیں گے۔ دوسری جانب بم ڈسپوزل سکواڈ ماہرین کی رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور نے وہی دھماکہ خیز جیکٹ استعمال کی ہے جو اس سے پہلے چارسدہ میں وزیر داخلہ پر خودکش حملے میں استعمال کی گئی تھی جس میں دھماکہ خیز مواد سی فور اور چھرے استعمال ہوتے ہیں۔ اس خودکش حملے کی تحقیقات اسی لائن پر کی جارہی ہے جو اس سے پہلے خودکش حملوں کی کیں جارہی تھیں۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ خودکش حملہ آور مقامی نہیں ہے اس کا تعلق کسی پہاڑی یا سرحدی علاقے سے ہوسکتا ہے اور اسکی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے۔

متعلقہ عنوان :