چیف جسٹس کی بحالی، ملک بھر میں جشن کا سماں، بھنگڑے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،کراچی، لاہور اور پشاور سمیت پورے ملک میں لوگ دن بھر خوشیاں مناتے رہے، افتخار محمد چوہدری کی بحالی پر وکلاء کی جدوجہد کو خراج تحسین،کئی شہروں میں خیر مقدمی جلوس نکالے گئے اور جلسے منعقد کئے گئے، عدلیہ کی آزادی کیلئے آئندہ بھی قربانیاں دیتے رہیں گے، وکلاء کا عزم

جمعہ 20 جولائی 2007 19:24

چیف جسٹس کی بحالی، ملک بھر میں جشن کا سماں، بھنگڑے، مٹھائیاں تقسیم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جولائی۔ 2007ء) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی کے بعد راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک بھر میں جشن کا سماں رہا، منوں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، وکلاء، عوام اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے بھنگڑے ڈالے اور فیصلے کو حق و انصاف کی فتح قرار دیا، لوگوں نے عدلیہ کی بحالی پر وکلاء کی جدوجہد کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی کی عہد آفرین خبر سنتے ہی ملک کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور مٹھائیاں بانٹنے کے علاوہ ایک دوسرے کو مباکباد دیتے رہے۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی پاٹیوں کے عہدیداران و کارکنان چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے۔

(جاری ہے)

سڑکیں، گلیاں اور چوراہے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور آزاد عدلیہ زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہئیں۔ سیاسی پارٹیوں کے جیالے اور متوالے ڈھولک کی تھاپ پر والہانہ رقص کرتے رہے اور بھنگڑے ڈالتے رہے۔ چیف جسٹس کی بحالی کی خوشی میں وکلاء، سیاسی قائدین و کارکنوں سمیت شہریوں نے کئی من مٹھائیاں تقسیم کیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کی بحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی آمریت کے خاتمے کیلئے بارش کا پہلاقطرہ ثابت ہو گی اور انشاء اللہ ملک گیر تحریک کے نتیجے میں اپنے قائدین کی آوا ز پر لبیک کہہ کر آمرانہ حکومت ختم اور جمہوریت بحال کر کے دم لیں گے۔