سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جانیوالا انٹرویو دباؤ کے تحت لیا گیا۔ مولانا عبدالعزیز۔۔میرے خلاف بنائے گئے مقدمات بے بنیاد ہیں‘ چیف جسٹس کی بحالی خوش آئند ہے‘ وہ ملک میں نفاذ شریعت کیلئے اقدامات کریں‘ لال مسجد کے گرفتار خطیب کی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 21 جولائی 2007 16:32

سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جانیوالا انٹرویو دباؤ کے تحت لیا گیا۔ مولانا ..
راولپنڈی (اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین21 جولائی2007) لال مسجد کے گرفتار خطیب مولانا عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سرکاری ٹی وی پر نشر کیا جانے والا انٹرویو دباؤ کے تحت لیا گیا۔ میرے خلاف بنائے گئے مقدمات بے بنیاد ہیں۔ چیف جسٹس کی بحالی خوش آئند ہے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چیف جسٹس ملک میں نفاذ شریعت کے لئے اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ ان کا جو انٹرویو سرکاری ٹی وی پر شائع کیا گیا ہے وہ دباؤ کے تحت لیا گیا ہے۔ میں نے اپنی مرضی سے وہ انٹرویو نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف بنائے گئے مقدمات بے بنیاد ہیں۔ مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ انہیں چیف جسٹس کی بحالی پر خوشی ہوئی ہے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں نفاذ شریعت کے لئے اقدامات کریں۔