72 سالہ پرتی بھاپاٹل بھارت کی پہلی خاتون صدر منتخب 25جولائی کو حلف اٹھائیں گی

ہفتہ 21 جولائی 2007 18:52

72 سالہ پرتی بھاپاٹل بھارت کی پہلی خاتون صدر منتخب  25جولائی کو حلف اٹھائیں ..
نئی دہلی(ٍٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین21 جولائی2007) حکمران جماعت یو پی اے اور بائیں بازو کی72 سالہ صدارتی امیدوار پرتی بھاپاٹل بھارت کی پہلی خاتون صدر منتخب ہو گئیں۔ پرتی بھا نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بھیروں سنگھ شیخاوت کو تقریباً تین لاکھ ووٹوں سے شکست دی۔ الیکشن کمیشن نے پرتی بھا پاٹل کی کامیابی کااعلان کردیا ہے اور لوک سبھا کے سیکرٹری اورصدارتی انتخابات کے افسر پی ٹی اچاری نے بتایا کہ پرتی بھا پاٹل کو چھ لاکھ 38ہزار 116جبکہ ان کے حریف بھیروں سنگھ شیخاوت کو تین لاکھ31ہزار306ووٹ ملے ۔

پرتی بھا پاٹل 25جولائی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔72سالہ پرتی بھا صدارتی امیدوار کیلئے انتخاب سے قبل راجستھان کی گورنر تھیں  موجودہ صدر اے پی جے عبدالکلام کی جانشینی کے انتخاب کیلئے جمعرات کوووٹ ڈالنے گئے تھے اس انتخاب میں 682اراکین پارلیمن اور تین ہزار 755 اراکین اسمبلی نے ووٹ ڈالے تھے ۔

(جاری ہے)

بھارت میں صدر کاانتخاب بالواسطہ رائے دہی سے ہوتا ہے ایک ریاست کے حصے میں جتنے ووٹ ہوتے ہیں وہ اس ریاست کے ارکان اسمبلی اور وہاں کی نمائندگی کرنے والے ارکان پارلیمنٹ کو دے دیئے جاتے ہیں جو ان ووٹوں کے ذریعے صدر کا انتخاب کرتے ہیں ۔

ان انتخابات کادلچسپ پہلو یہ ہے کہ حال ہی میں تشکیل دیئے گئے تیسرے محاذ ”یونائیٹڈ نیشنل پروگریسو الائنس“ نے انتخاب سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن انتخاب کے دن اچانک اس اتحاد کی بعض جماعتوں کے اراکین نے اپنے ووٹ ڈالے دوسری جانب گجرات میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے بعض باغی اراکین اسمبلی نے پرتی بھا پاٹل کے حق میں ووٹ دیا۔بھارت کی تاریخ میں اس مرتبہ صدارتی انتخابی مہم نہایت تلخ اور زبردست تنازعہ کا شکار رہی اور صدارت کے دونوں امیدواروں کے خلاف مخالف سیاسی جماعتوں نے نازیبا حد تک الزام تراشی کی ۔

متعلقہ عنوان :