افغان سیکورٹی فورسز نے مغوی جنوبی کورین باشندوں کی رہائی کیلئے محاصرہ کرلیا،اتحادی فوج کا ہلمند میں 20طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

پیر 23 جولائی 2007 12:31

افغان سیکورٹی فورسز نے مغوی جنوبی کورین باشندوں کی رہائی کیلئے محاصرہ ..
غزنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2007ء) افغان سیکیورٹی فورسز نے طالبان کے ہاتھوں اغواء کئے گئے جنوبی کوریائی باشندوں کی رہائی کے لیے صوبہ غزنی کے مرکزی علاقوں کا محاصرہ کرلیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان حکام نے بتایا کہ وہ جنوبی کوریائی باشندوں کی رہائی کے لیے پر امید ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ مغویوں کوبازیاب کرانے میں کام یاب ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان نے دھمکی دی تھی کہ اگر افغان فوج نے طاقت کے ذریعے جنوبی کوریا کے 23مغوی شہریوں کو رہا کرانے کی کوشش کی تو مغوی باشندوں کو قتل کردیا جائے گا۔ جبکہ طالبان نے اس مغویوں کے قتل کی ڈیڈ لائن میں پیر کی شام پر اضافہ بھی کردیا تھا۔ ادھر اتحادی فوج نے افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں جھڑپ کے دوران 20 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اتحادی فوج کی جانب سے پیر کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اتحادی فوج نے گزشتہ روز افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے صدر مقام موسیٰ قلعہ میں ایک طویل جھڑپ کے دوران بیس کے قریب طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب جنگجوؤں نے اتحادی فوج کے قافلے پر حملہ کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جھڑپ کے دوران ایک مشتبہ گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں سوار دو مشتبہ طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے۔ اتحادی فوج نے جھڑپ کے دوران کسی فوجی اہلکار کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :