جامعہ حفصہ کومکمل گرا دیا گیا، ملبہ کوکل صبح تک ٹھکانے لگا دیا جائے گا ۔چلڈرن لائبریری کو بھی منہدم کر دیا گیا، لال مسجد کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کامکل مکمل کر لیا جائیگا

بدھ 25 جولائی 2007 18:52

جامعہ حفصہ کومکمل گرا دیا گیا، ملبہ کوکل صبح تک ٹھکانے لگا دیا جائے ..
اسلام آباد ( ٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین25 جولائی2007) جامعہ حفصہ مکمل گرا دی گئی، ملبہ جمعرات صبح 8 بجے سے قبل ٹھکانے لگا دیا جائیگا۔ لال مسجد کے متصل چلڈرن لائبریری بھی گرادی گئی جبکہ لال مسجد کی مرمت و تزئین و آرائش کا کام بھی کل جمعرات تک مکمل کر لیا جائیگا۔ بدھ کے روز دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب جامعہ حفصہ کو مکمل گرا دیا گیا ہے۔ پاک فوج، سی ڈی اے اور پرائیویٹ کمپنیوں کی بھاری مشینری کے ذریعے لال مسجد کے متصل جامعہ حفصہ کو بالآخر گرا دیا گیا اور اب ملبہ کو ٹھکانے لگانے کا عمل تیزی سے شروع کر دیا گیا ہے۔

منگل کی رات ڈمپروں کے ذریعے جامعہ کے ملبہ کو شکرپڑیاں کے جنگل میں ٹھکانے لگانے کا عمل جاری رہا۔ بدھ کو بھی سارا دن ملبے کو ٹھکانے لگانے کا عمل جاری رکھا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملبے کو کل جمعرات کے روز صبح 8 بجے سے قبل ٹھکانے لگا دیا جائے گا اور جامعہ حفصہ کی جگہ کو اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ ادھر جامعہ حفصہ کے متصل چلڈرن لائبریری کو بھی منہدم کر دیا گیا ہے جبکہ لال مسجد کی مرمت و تزئین و آرائش کا کام آج جمعرات کی شام تک مکمل کر لای جائیگا۔ جمعہ کے روز لال مسجد کو نماز کیلئے کھول دیا جائے گا حکومت نے پہل ہی مولانا اشفاق کو مولانا عبدالعزیز کی جگہ لال مسجد کا خطیب مقرر کر دیا ہے۔