جامعہ حفصہ میں تعلیم حاصل کرنے والی آزاد کشمیر کی 58طالبات تاحال لاپتہ،200 طالبات اور22 معلمات اپنے گھروں کو واپس پہنچ چکی ہیں۔حکام

جمعرات 2 اگست 2007 13:05

جامعہ حفصہ میں تعلیم حاصل کرنے والی آزاد کشمیر کی 58طالبات تاحال لاپتہ،200 ..
مظفرآباد (ٍٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین02 اگست 2007) جامعہ حفصہ میں تعلیم حاصل کرنے والی آزاد کشمیر کی 58 سے زائد طالبات کا ابھی تک سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ200 طالبات اور22 معلمات اپنے گھروں کو واپس پہنچ چکی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کی وزارت داخلہ کی طرف سے ان کو جامع حفصہ کی 258طالبات اور 22معلمات کی فہرست ملی تھی اور یہ ہدایت کی گئی تھی کہ ان کے بارے میں چھان بین کی جائے کہ آیا وہ اپنے گھروں کو واپس پہنچ چکی ہیں یا نہیں۔

تاہم حکام نے کہا کہ 200 طالبات اور22 معلمات کا سراغ لگا یا جاسکا ہے اور وہ اپنے گھروں کو بخیریت واپس پہنچ چکی ہیں۔لیکن حکام کے مطابق 58 طالبات کا ابھی تک اس لئے سراغ نہیں مل سکا ہے کیوں کہ وزارت داخلہ نے ان کے غلط یا نامکمل پتے فراہم کیے تھے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزارت داخلہ سے کہا ہے کہ وہ ان کے صحیح اور مکمل پتے فراہم کرے تا کہ ان طالبات کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جاسکیں۔

اسلام آباد میں وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ جامعہ حفصہ کے ریکارڈ کے مطابق وہاں پر1717 طالبات زیر تعلیم تھیں، جن میں 1520 جامعہ حفصہ میں ہی قیام پذیر تھیں۔وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ تمام طالبات کو ان کے گھروں میں بھجوادیا گیا ہے اور اب وزارت داخلہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی صوبائی انتظامیہ کے ذریعے ان کے گھروں کی بحفاطت واپسی کی تصدیق کرا رہی ہے۔ حکام کے مطابق لال مسجد اور جامع حفصہ کے خلاف3 جولائی سے11 جولائی تک جاری رہنے والی فوجی کاروائی کے دوران 102 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :