شمالی وزیرستان میں ایف سی قلعے اور چیک پوسٹوں پر حملوں کے بعد ہیلی کاپٹرز کی پروازیں۔ میران شاہ کو جانے والے تمام راستے ہر قسم کی آمد ورفت کے لئے بند

جمعہ 3 اگست 2007 12:27

شمالی وزیرستان میں ایف سی قلعے اور چیک پوسٹوں پر حملوں کے بعد ہیلی کاپٹرز ..
وانا (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03 اگست2007) شمالی وزیرستان میں سیکیوریٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملوں کے بعد ہیلی کاپٹرز نے پروازیں شروع کردی ہیں جبکہ میران شاہ کو جانے والے راستے ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند کردئیے گئے ہیں۔ رات گئے دو گھنٹے تک میران شاہ ہیڈ کواٹر قلعے اور ملحقہ چیک پوسٹوں پر عسکریت پسندوں نے چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا ۔

اس دوران سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اس صورتحال کے بعد عیسیٰ اور کھجوری چیک پوسٹ کے علاوہ تمام چوکیاں مکمل طور پر سیل کردی گئیں اور ہیلی کاپٹرز نے فضا میں پروازیں شروع کردیں۔ سیکیوریٹی فورسز نے میران شاہ بنوں اور میران شاہ میرعلی روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کےلئے بند کردئے ہیں اور پیدل چلنے والوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شمالی وزیر ستان میں علماء اور مقامی عمائدین نے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی موجودگی اور آپریشن کے خلاف آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز میرانشاہ میں علماء اور عمائدین کے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں کئیے گئے فیصلے کے مطابق یو م سیاہ کے موقع پر آج تما م تجارتی مراکز اور گاڑیوں پر سیاہ پر چم لہرائیں جائیں گے اور بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :