عراق، بم دھماکوں، جھڑپوں اور تشدد کے واقعات میں5امریکی فوجیوں،19بچوں سمیت54افراد ہلاک ،امریکی فوج کا18مزاحمت کاروں کوہلاک اور10کو گرفتار کرنے کا دعویٰ۔اپ ڈیٹ

پیر 6 اگست 2007 22:42

عراق، بم دھماکوں، جھڑپوں اور تشدد کے واقعات میں5امریکی فوجیوں،19بچوں ..
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اگست۔2007ء) عراق میں خود کش بم دھماکوں،جھڑپوں اورتشدد کے واقعات میں 5امریکی فوجیوں سمیت54افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے، امریکی فوج نے 10مزاحمت کاروں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔عراقی پولیس کے مطابق شمالی علاقے تلعفر میں ہونے والے ایک ٹرک خودکش بم دھماکے میں کم از کم28افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہلاک ہونے والوں میں19بچے بھی شامل ہیں یہ بم دھماکہ شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے میں ہوا ہے۔

بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔دھماکے میں دس مکانات بھی تباہ ہو گئے دھماکے کے بعد سے شہر میں کرفیو لگا دیا گیا ہے ۔جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پورے تلعفر میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عراق کے دیگر حصوں کی طرح اس علاقے میں بھی اتحادی فوج امن بحال کرنے کی کوششیں کر رہی ہے تاہم اس کے باوجود یہاں رواں سال بم دھماکوں اور فائرنگ کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں۔

تلعفر کے پولیس کمانڈر بریگیڈئر جنرل رحیم الجبوری نے بتایا کہ حملہ آور دھماکہ خیز مواد سے بھرا ایک ٹرک چلا رہا تھا۔ دھماکہ خیز مواد ٹرک پر لدے تعمیراتی سامان کی ایک ہلکی سی تہہ کے نیچے چھپایا گیا تھا۔دوسری جانب امریکی فورسز نے آپریشن میں 18 مزاحمت کارہلاک اور 10کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔امریکی فوج کے ایک ترجمان نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ بعقوبہ میں مزاحمت کاروں کے حملے میں 5 امریکی فوجی ہلاک اور12 زخمی ہوگئے۔

عراق کے مشرق میں بھی فائرنگ سے ایک امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں ۔جنوب مشرقی بغداد میں مسافر بس سڑ ک کے کنارے نصب بم سے ٹکراگئی جس سے 9 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو ئے ۔پولیس کے مطابق شمالی بغداد کے علاقے دھولائیہ میں مارٹر گولے کے حملوں میں 6شہری ہلاک اور17 زخمی ہو گئے ۔ جبکہ صلاح الدین صوبے میں فضائی حملے میں7 مزاحمت کار مارے گئے عراقی وزارت داخلہ کے مطابق 27 مارچ کو القاعدہ سے تعلق رکھنے والے مزاحمت کاروں نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے تلعفر کے ایک شیعہ علاقے میں ٹرک بم دھماکہ کرکے 152 افراد کو ہلاک جبکہ 347 کو زخمی کردیا تھا۔ اس کے بعد بظاہر جوابی کارروائی کرتے ہوئے کچھ شیعہ مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سنی فرقے کے 70 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :