جنوبی بغداد میں خود کش کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔۔۔۔شمالی شہر موصل میں چار خود کش بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دوسو تک پہنچ گئی ،،،،تین سو زخمی۔۔۔۔ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا

بدھ 15 اگست 2007 13:10

جنوبی بغداد میں خود کش کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔۔۔۔شمالی ..
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اگست۔2007ء) جنوبی بغداد میں خود کش کار بم دھماکے میں کم ازکم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھر عراق کے شمالی شہر موصل میں گزشتہ روز ہونے والے چار خودکش بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو سو ہو گئی ہے۔جبکہ تین سو کے قریب زخمی ہیں۔ حکام کے مطابق دہشت گردی کا یہ واقعہ گزشتہ سال نومبر میں صدرسٹی میں ہونے والے دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے ۔

صدر سٹی میں ہونے والے دھماکے میں دو سو پندرہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جبکہ ان بم دھماکوں میں یزیدی فرقے سے تعلق رکھنے والے دو سو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری جانب سیکیورٹی اہلکاروں کے لباس میں ملبوس مزاحمت کاروں نے بغداد سے عراقی وزارت تیل کے پانچ اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر امریکی اور عراقی فوج نے مزاحمت کاروں کے خلاف شما لی بغداد کے صوبے دیالہ میں مشترکہ آپریشن شروع کردیا ہے۔

گزشتہ روز امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گرنے سمیت مختلف واقعات میں نو امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔ ادھر حکام نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے عراق کے شمال مغربی علاقوں میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کردیا ہے۔ موصل کے ضلع سنجار کے ضلعی ناظم نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں صرف امدادی سرگرمیوں میں شامل گاڑیوں کو کارروائی کی اجازت دی جا رہی ہے۔

ضلعی ناظم نے بتایا کہ اس موقع پر ہلاکتوں کی حتمی تعداد نہیں دی جا سکتی کیونکہ ابھی کئی افراد کی نعشیں ملبے تلے دبی ہیں جنہیں نکالنے کا کام جا ری ہے۔ دھماکے میں تیس سے زائد مکانات بھی تباہ ہو گئے تھے۔ دوسری جانب دوسری جانب چیک ری پبلک کا نناوے فوجیوں پر مشتمل نیافوجی دستہ عراق کے لئے روانہ ہوگیا ہے۔ جو عراق میں پہلے سے موجود فوجیوں کی جگہہ لے گا۔

متعلقہ عنوان :