دہشتگردی کا خطرہ، ہوائی اڈوں، پر فوٹوشناخت کا سلسلہ شروع

اتوار 19 اگست 2007 19:48

دہشتگردی کا خطرہ، ہوائی اڈوں، پر فوٹوشناخت کا سلسلہ شروع
اسلام آباد (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 اگست 2007) حکومت نے دہشت گردی کے واقعات سے بچنے اور سکیورٹی کی بہتر صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ملک بھر میں ہوائی اڈوں پر “ فوٹو شناخت “ کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں کی حدود میں داخل ہونے والے مسافروں اور وزٹیرز کیلئے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کے ذریعے شناخت لازمی قرار دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ائیر پورٹ کی حدود میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ او رپاسپورٹ کے بغیر کسی مسافر یا اس کو الوداع یا استقبال کیلئے آنے والے افراد کو ائیر پورٹ کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ائیر پورٹ کی حدود میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں اور کرنے والی تنظیم ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کسی بھی مسافر، وزٹیر سے شناختی کارڈ طلب کر سکتی ہے۔ اے این ایف کار پارکنگ اور پبلک ایریا میں بھی چیکنگ کر سکتی ہے۔ یہ سلسلہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے شروع کیا جا رہا ہے۔