دادو اور قمبر شہداد کوٹ اضلاع میں سیلاب متاثرین میں امداد کی عدم تقسیم ، کئی متاثرین بھیک مانگنے پر مجبور

اتوار 19 اگست 2007 20:50

دادو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔ 2007ء) دادو اور قمبر شہداد کوٹ اضلاع میں سیلاب متاثرین کے جوہی ، میہڑ کے این شاہ ، قبو سعید خان ، وارہ اور نصیر آباد ،میں مظاہرے وارہ تحصیل میں گلے کے امراض وبائی صورتحال اختیار کرگئے 4 بچے ہلاک 40 سے زائد اسپتالوں میں داخل ، ایک شخص سانپ کے کاٹنے سے ہلاک ، سیلاب متاثرین بھیک مانگنے پر مجبور ۔ تفصیلات کے مطابق دادو ضلع کے جوہی میہڑ اور میر پور ناتھن شاہ اور قمبر شہداد کوٹ ضلع کے قبو سعید خان ، وارہ اور نصیر آباد میں سیلاب سے متاثرہ سینکڑوں مظاہرین نے احتجاجی مظاہرے کئے ان کا کہنا ہے کہ ناظمین اور تحصیلدار سیلاب متاثرین کے بجائے اپنے من پسند افراد میں امدادی اشیا اور امدادی رقم کے چیک دے رہے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ لوگ سیلاب متاثرین بھی نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ادھر سیلاب متاثرین میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں قمبر ضلع کی تحصیل وارہ کی یونین کونسل میر پور میں گلے کی بیماری وبائی صورت اختیار کرگئی ہے اس بیماری سے گلے میں سوزش اور سانس میں تکلیف سے گاؤں بہار چانڈیو میں حسن چانڈیو کی دو جڑواں بیٹیاں اور الھورایو چانڈیو کی دو سالہ بیٹی صائمہ اور گاؤں لوہیڑو چھٹو میں نوزائیدہ بچی گلے کے مرضے کی وجہ سے طبی امداد نہ ملنے کے باعث ہلاک ہوگئیں ۔

ایک ہفتے کے دوران اب تک 8بچے گلے کے مرض سے ہلاک ہوچکے ہیں ۔ جبکہ 40کے قریب افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ ادھر خیر پور ناتھن تحصیل گاؤں کوریجا میں 50سالہ محمد عرس کوریجو سانپ کے کاٹنے سے ہلاک ہوگیا ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مکین امدادی سرگرمیاں نہ ہونے کے باعث بھوک اور بدحالی کا شکار ہوکر بھیک مانگنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :