غیر آئینی صدر نواز شریف کی سزا بحال نہیں کر سکتا۔رفیق تارڑ ۔۔قانون کے مطابق جو سزائیں ختم ہوگئیں وہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوگئیں‘ نواز شریف اور شہباز شریف کو جلد سے جلد ملک واپس آنا چاہئے ‘عدالتیں آزاد ہوچکی ہیں

اتوار 26 اگست 2007 15:40

غیر آئینی صدر نواز شریف کی سزا بحال نہیں کر سکتا۔رفیق تارڑ ۔۔قانون ..
ملتان(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26 اگست 2007) سابق صدر رفیق تارڑ نے کہا ہے کہ انہوں نے میاں نواز شریف کی سزائیں آئینی صدر کی حیثیت سے معاف کیں ،غیر آئینی صدر انہیں کیسے بحال کر سکتاہے‘قانون کے مطابق جو سزائیں ختم ہوگئیں وہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوگئیں‘ عدالتیں آزاد ہوچکی ہیں‘ نواز شریف اور شہباز شریف کو جلد سے جلد ملک واپس آنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں مخدوم جاوید ہاشمی سے ان کے بھائی کے انتقال پرتعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

رفیق تارڑ نے کہا کہ قانون کے مطابق جو سزائیں ختم ہوگئیں وہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوگئیں۔ عدالتیں آزاد ہوچکی ہیں، اب اگر کوئی سزائیں بحال کرنے کی بات کرتا ہے تو یہ حماقت ہوگی۔اٹارنی جنرل کے اس بیان پر کہ ایک فریق منحرف ہو جائے تو معاہدہ ختم ہوجاتا ہے ،سابق صدر رفیق تارڑ کا کہنا تھا کہ آج تک یہ معاہدہ سامنے نہیں آیا اورکاغذ کا ایک ٹکڑا پیش کیا گیا جو یکطرفہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 44کے تحت صدر کے عہدے کی معیاد پانچ سال ہے، لیکن وہ اس وقت تک وہ اپنے عہدہ پر قائم رہ سکتا ہے جب تک اس کا جانشین منتخب ہو کر اپنا عہدہ نہیں سنبھال لیتا۔ جانشین کا مطلب قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ سے منتخب ہو کر آنا ہے۔ رفیق تارڑ نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کو جلد سے جلد ملک واپس آنا چاہئے اور مسلم لیگ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی بھی دس ستمبر تک انہیں واپس آنے کا مشورہ دے چکی ہے۔