اے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے باوردی صدارتی انتخاب کی بھرپور مزاحمت کرینگے۔ تہمینہ دولتانہ

اتوار 26 اگست 2007 15:49

فیصل آباد (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26 اگست 2007) مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ جنرل مشرف نے اگر وردی یا بغیر وردی کے انہی اسمبلیوں سے منتخب ہونے کی کوشش کی تو مسلم لیگ ن اے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مزاحمت کریگی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی بحالی اور شریف فیملی کو وطن واپسی کی اجازت دونوں فیصلے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کو پاکستان آنے کے لئے اب سعودی عرب سے اجازت کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

بے نظیر مشرف مذاکرات کے حوال یسے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے انہیں عوام کی طاقت سے وطن واپس آنا چاہئے ڈیل مذاکرات سے کارکنوں میں مایوسی پھیلی ہے انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت اب کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن سے ہمارا فطری اتحاد ہوسکتا ہے ق لیگ مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے ہم چوہدری شجاعت کو دعوت دیتے ہیں کہ اگر وہ پرانے تمام گناہوں سے توبہ کرلیں تو مسلم لیگ ن انہیں دوبارہ واپس لینے پر غور کرسکتی ہے میاں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی خواہش ہے کہیاں صاحبان رمضان المبارک میں واپس آئیں سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر کے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دروازے تمام سیاسی رہنماؤں کے لئے کھلے ہیں سنٹرل ورکنگ کمیٹی اس بارے جو فیصلہ کریگی وہ سب کو منظور ہوگا۔