سکھر،نکاسی آب کا نظام فیل ،گنجان آبادی والے نشیبی علاقوں میں آلودہ پانی گھروں میں داخل ہوگیا

منگل 28 اگست 2007 13:00

سکھر ( ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28 اگست 2007) تعلقہ نیو سکھر کے مختلف علاقوں بہار کالونی ، شاہ خالد کالونی ، آغا رفیق حسین کالونی سمیت متصل علاقوں میں نکاسی آب کا نظام فیل ہو گیا جس کے نتیجے میں ان گنجان آبادی والے نشیبی علاقوں میں آلودہ پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے نظام زندگی مفلوج و متاثر ہو گئی علاقے کے سینکڑوں مکینوں نے نکاسی آب کے تباہ حال نظام کے خلاف تعلقہ نیو سکھر کے ناظم عبد الحق چوہان کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور نکاسی آب کے نظام کی درستگی کا مطالبہ کیا اس سلسلے میں تفصیلات کے مطابق سوموار کے روز تعلقہ نیو سکھر کے یونین کونسل 16 کے علاقے بہار کالونی ، شاہ خالد کالونی سمیت اطراف کے علاقوں میں نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر فیل ہو گیا جس کے نتیجے میں گنجان آبادی رکھنے والی ان رہائشی بستیوں میں آلودہ پانی جمع ہوگیا جو گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں نظام زندگی زبردست متاثر ہوا لوگ گھروں میں محصور ہوگئے اور آمد و رفت معطل ہوگئی نکاسی آب کے نظام کی تباہ حالی کے خلاف ان رہائشی علاقوں کے سینکڑوں مشتعل لوگوں نے الٰہی بخش خادم ، آصف اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا تعلقہ نیو سکھر کی جانب سے نکاسی آب کے نظام کو درست نہ کیے جانے کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور فوری طور پر ڈرینیج نظام کو درست کر کے علاقے میں موجود آلودہ پانی کی فوری نکاسی کا مطالبہ کیا اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ گزشتہ دو سال سے ہمارے علاقوں میں نکاسی آب کا نظام جو پہلے ہی ناقص تھا اب مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے بجلی کی عارضی بندش کے ساتھ ہی آلودہ پانی جمع ہونا شروع ہوجاتا ہے اور جو بتدریج بڑھتے ہوئے ہمارے گھروں اور دکانوں میں داخل ہوجاتا ہے جس سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہوتی ہے بلکہ ہماری ملکیتی اراضی بھی تباہ ہو رہی ہے گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے والے آلودہ پانی کی وجہ سے گھریلو اور تجارتی اشیاء تباہ اور برباد ہو رہی ہے اس حوالے سے متعدد بار اس اہم بنیادی مسئلے کے حل کے لیے تعلقہ ناظم نیو سکھر عبد الحق چوہان ، یوسی ناظمین سمیت تعلقہ میونسپل نیو سکھر کے متعلقہ حکام اور ارباب اختیار سے شکایات کی گئیں اور ان کے ازالے کی استدعا کی گئی لیکن تعلقہ نیو سکھر کی انتظامیہ کی جانب سے اس اہم مسئلے کے حل کے لیے کوئی بھی سنجیدہ اقدام نہیں کیا گیا جس سے نکاسی آب کا مسئلہ سنگین شکل اختیار کر گیا ہے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اس موقع پر بعض مظاہرین نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ گزشتہ روز ہمارے علاقوں میں فوتگی ہو گئی تھی اور نکاسی آب کے نظام فیل ہونے کی وجہ سے علاقے میں آلودہ پانی بھر جانے کے سبب مذکورہ میت کو نہ تو غسل دیا جا سکا اور نہ ہی اپنے علاقے میں ہم اس کی نماز جنازہ ادا کر سکے میت کو دوسرے علاقے لے جایا گیا جہاں غسل دینے کے بعد اس کی نماز جنازہ ادا کی گئی مظاہرین نے ضلع ناظم سکھر سید ناصر حسین شاہ ، تعلقہ ناظم نیو سکھر عبد الحق چوہان سے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقوں کے نکاسی آب کے تباہ حال نظام کی فوری درستگی کی جائے اور علاقے کی عوام کو اس مشکل سے نجات دلائی جائے۔

متعلقہ عنوان :