ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری سید علی حسن گیلانی نے پارلیمانی سیکریٹری کے عہدے سے استعفی دے دیا

منگل 28 اگست 2007 17:01

ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری سید علی حسن گیلانی نے پارلیمانی ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2007ء) مسلم لیگ (ق) کی ٹکٹ پر حلقہ ایک سو تراسی سےمنتخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری سید علی حسن گیلانی نے پارلیمانی سیکریٹری کے عہدے سے استعفی دے دیا اور قومی اسمبلی کی رکنیت کا استعفی مسلم لیگ نواز کے قائم مقام صدر جاوید ہاشمی کے سپرد کر دیا ہے۔ ملتان میں استعفی مخدوم جاوید ہاشمی کے سپرد کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی سید علی حسن گیلانی نے کہا کہ نہ وہ صدر کی وردی کے حق میں ہیں اور نہ ہی ان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے کے لیے ووٹ دیں گے۔

انہوں نےکہا کہ اہم قومی معاملات پر پارلیمنٹ اور کابینہ کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا اس لیے انہوں نے پارلیمانی سیکریٹری کے عہدے سے استعفی وزیر اعظم کو بھیج دیا ہے اور اب وقت آچکا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کر کے الیکشن کا اعلان کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے قائم مقام صدر مخدوم جاویدہاشمی نے کہا کہ ہمارے پاس اور بھی متعدد ممبران کے استعفے موجود ہیں جو جلد ہی عوام کے سامنے پیش کر دیے جائیں گے۔

اور ان استعفوں کو اسمبلی میں پیش کرنے اور چھوڑ کر جانے والے ممبران کی واپسی کے بارے میں فیصلہ میاں نواز شریف پارٹی کے ساتھ مل کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے اب گرفتاریاں ، مقدمے اور جیلیں ان کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ چوہدری برادران اگر واپس مسلم لیگ نواز میں آنا چاہیں تو ان کو واپس لینا پارٹی کے لیے بہت مشکل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلیوں کو حق نہیں کہ وہ جنرل مشرف کو دوبارہ صدر منتخب کریں اور اگر جنرل مشرف نے ضد جاری رکھی تو یہ اسمبلیاں بھی انہیں صدر بنانے سے انکار کر دیں گی۔ اے آر وائی ون ورلڈ سے بات کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ نہ کوئی انتخابی اتحاد بنایا جا رہا ہے اور نہ ہی حکومت سے کسی قسم کی کوئی بات چیت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :