نواز شریف کی جلا وطنی کیخلاف وکلاء کی ہڑتال‘ عدالتی نظام مفلوج‘ کیسوں کی سماعت نہ ہوسکی

سپریم کورٹ میں وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے تمام کیسوں کی سماعت ملتوی کردی گئی‘ کراچی‘ لاہور میں وکلاء نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا

منگل 11 ستمبر 2007 12:46

نواز شریف کی جلا وطنی کیخلاف وکلاء کی ہڑتال‘ عدالتی نظام مفلوج‘ کیسوں ..
اسلام آباد+لاہور+کراچی (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین11ستمبر2007) سابق وزیراعظم نواز شریف کی جلا وطنی کے خلاف وکلاء کا عدالتوں سے بائیکاٹ‘ عدالتوں میں کیسوں کی سماعت نہ ہوسکی‘ سپریم کورٹ میں تمام کیسوں کی سماعت ملتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کو غیر قانونی طور پر جلا وطن کرنے کے خلاف ملک بھر کے وکلاء نے منگل کے روز عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جس کی وجہ سے کیسوں کی سماعت نہ ہوسکی سپریم کورٹ میں وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے تمام کیسوں کی سماعت ملتوی کردی گئی اجلاس آباد کی ضلع کچہری میں بھی وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے عدالتی نظام مفلوج ہوکر رہ گیا دور دراز سے آنے والے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جیلوں سے قیدیوں کو سماعت کیلئے لایا گیا جس کی وجہ سے جیل انتظامیہ کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کی ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹ میں بھی وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر عدالتوں میں آئے۔ لاہور میں ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں میں وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے عدالتی نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ادھر کراچی میں بھی وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا کراچی میں وکلاء نے نوازشریف کی جلا وطنی اور اپنے ساتھی راجہ فیاض ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف احتجاج کیا اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔

وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے کراچی کی عدلاتوں میں کیسوں کی سماعت نہ ہوسکی۔ وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے عدالتی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا جج عدالتوں میں حاضر رہے لیکن وکلاء کی طرف سے پیش نہ ہونے پر مقدمات کی سماعت ملتوی کرنا پڑی۔
نواز شریف کی جلا وطنی کیخلاف وکلاء کی ہڑتال‘ عدالتی نظام مفلوج‘ کیسوں ..