ملک بھر میں رمضان کے پہلے جمعہ کو مساجد فرزندان اسلام سے بھر گئیں

جمعہ 14 ستمبر 2007 20:06

ملک بھر میں رمضان کے پہلے جمعہ کو مساجد فرزندان اسلام سے بھر گئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14ستمبر۔2007ء) ملک بھر میں رمضان المبارک کا پہلا جمعہ پہلے روزہ کو ہونے کے باعث مساجد فرزندان اسلام سے بھر گئیں اور ملک کے تمام بڑے بڑے شہروں ، قصبوں اور دیہی علاقوں کی مساجد کی چھتوں ، ملحقہ کھلے میدانوں اور سڑکوں پر نماز جمعہ اداکی گئی ، راولپنڈی ، اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور اور خاص طورپر کوئٹہ میں ایلیٹ فورس سیکورٹی اہلکاروں اور پولیس کی گاڑیاں مساجد اور امام بارگاہوں سمیت اہم علاقوں کے گرد گشت کرتی رہیں جبکہ بعض علاقوں کی مسجد اور گیٹوں پر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے اورڈی ایس پی عہدہ کے افسران اور ایس ایچ اوز بھی اپنے اپنے علاقوں میں گشت کے دوران پولیس کی نفری کو ہدایات دیتے رہے ، نمازیوں کی تعداد معمول کے مقابلہ میں پہلے سے کئی گنا زیادہ ہوگئی ہے پہلے جمعہ کے روز عوام میں مذہبی جوش وخروش بھائی چارہ اور ہمدردی کے جذبات دیکھنے میں آئے ، سیکورٹی کے سخت انتظامات کے باعث کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ، علماء کرام نے جمعہ کے خطبہ میں رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں اللہ تعالی کی رحمت ماہ صیام کے فوائد اور فضیلت بارے تفصیلی روشنی ڈالی ، بادشاہی مسجد لاہور اور فیصل مسجد اسلام آباد بھی جمعہ کے نمازیوں سے بھر گئیں ، اسلام آباد میں مقیم اسلامی ممالک کے سفیروں کی بڑی تعداد نے بھی فیصل مسجد اسلام آباد میں جمعہ کی نماز ادا کی ۔