اے پی ڈی ایم کو عدالتی فیصلے کا انتظارکرناچاہئے۔۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی پشاور میں میڈیا سے گفتگو، مولانا حسن جان کےلئے فاتحہ خوانی

ہفتہ 22 ستمبر 2007 13:25

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22ستمبر2007) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ال پارٹیز ڈیموکریٹک مومنٹ کی جانب سے صدارتی الیکشن کے موقع پر مستعفی ہونے کے اعلان کو انصاف کے تقاضوں کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے پی ڈی ایم کی جماعتوں کو صدارتی الیکشن کے حوالے سے اپنی دائر کردہ پٹیشن کے عدالتی فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے تھا انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں مولانا حسن جان کی شہادت پر انکے بیٹوں اور دیگر رشتہ داروں‌سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتےہوئے کیا انہوں نے مولانا حسن جان کے قتل کو ملک اور عالم اسلام کے لئے بڑا سانحہ اور افسوسناک واقعہ قرار دیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے انکی دینی خدمات کے اعتراف میں لاہور میں ایک سڑک اور سیرت اکیڈمی میں ایک مسجد بھی انکے نام سے منسوب کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے روکنے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا اور اس مقصد کے لئے اختلافات بھلا کر دہشت گردوں سے نمٹنا ہوگا انہوں نے اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ اے پی ڈی ایم کی کچھ جماعتوں نے صدارتی الیکشن کے حوالے سے عدالت سے رجوع کیا ہوا اور عدالت کا فیصلہ انے سے قبل انہوں نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عدالتیں ازاد ہیں لیکن کچھ اپنی پسند کے فیصلے چاہتی ہیں جو انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتا ۔ انہوں‌نے کہا کہ میاں نواز شریف سے انکی جماعت مایوس ہوچکی ہے اور مسلم لیگ (ن) کے کارکن انکی جماعت کو چھوڑ رہے ہیں ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انکی جماعت اور شریف برادران کے مابین کو ئی مفاہمت ہورہی ہے تو انکا کہنا تھا نواز شریف کی جھوٹ پر مبنی پالیسی سے تنگ اکر انکے اپنے لوگ علیحدہ ہورہے ہیں۔