ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کافائنل کل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائیگا کانٹے دار مقابلے کی توقع ،پاکستان 92ء کی تاریخ دہرانے کیلئے پرعزم ۔کھلاڑی فٹ اور ذہنی طور پر مضبوط ہیں ،ہمیں چمپئن بننے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔شعیب ملک ۔۔آسٹریلیا کے خلاف فتح سے مورال بلند ہے فائنل میں کامیابی حاصل کریں گے ۔ دھونی

اتوار 23 ستمبر 2007 16:11

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کافائنل کل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائیگا ..
جوہانسبرگ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23ستمبر2007) جنوبی افریقہ میں کھیلے جارہے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل کل( پیر کو ) ایشیاء کی دو سپر پاور اور روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہانسبرگ کے وانڈرس کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا فائنل میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے جبکہ پاکستان 92ء کی تاریخ دہرانے کیلئے پرعزم ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کل پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہانسبر گ میں کھیلا جائیگا پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے شکست دے کر جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے عالمی چمپئن آسٹریلیا کو 15رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا ۔

شائقین کرکٹ توقع کررہے ہیں کہ انہیں ایشیاء کی ان دو بڑی ٹیموں کے درمیان فتح کے حصول کیلئے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ہماری ٹیم نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس کو دیکھتے ہوئے میں یہ کہوں گا کہ اب ہمیں چمپئن بننے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔

انہوں نے کہاکہ پوری ٹیم اب متحد ہوکر کھیلی فائنل میں بھی اسی طرح کے جوش و جذبے کا مظاہرہ کریں گے ۔ انہوں نے نیوزی لینڈ آسٹریلیا اور سری لنکا جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد ہمارے حوصلے بلند ہیں انشاء اللہ کامیابی قدم چومے گی ۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا کہنا ہے آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں شکست دینے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے فائنل میں بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ یوراج سنگھ کا بروقت فارم میں آنا ٹیم کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوا ہے اگر فائنل میں بھی انہوں نے اسی طرح کی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تو فتح آسان ہوگی ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ فائنل میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کھیلا جائیگا ۔ واضح رہے کہ ابتدائی راؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ ٹائی ہو گیا تھا تاہم بھارت نے بال آؤٹ قانون کے تحت پاکستان کو شکست دی تھی ۔
ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کافائنل کل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائیگا ..