خدا کا شکر ہے کہ کیرئیر کا اختتام اچھے اور باعزت طریقے سے ہوا ہے ، انضمام الحق

جمعہ 12 اکتوبر 2007 20:33

خدا کا شکر ہے کہ کیرئیر کا اختتام اچھے اور باعزت طریقے سے ہوا ہے ، انضمام ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اکتوبر۔2007ء) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز انضمام الحق نے کہا ہے کہ خدا کا شکر ہے کہ کیرئیر کا اختتام اچھے اور باعزت طریقے سے ہوا ہے ۔جاوید میانداد مجھ سے بڑے کھلاڑی تھے ان سے میں نے بہت کچھ سیکھا اور اس مقام تک پہنچنے میں انہوں نے میری بڑی رہنمائی کی ہے انکا ریکارڈ نہ توڑنے کا مجھے کوئی افسوس نہیں ،اللہ جو کرتا ہے بہتر کرتا ہے اورمیں اپنے سترہ سالہ کیرئیر سے مطمئن ہوں ۔

الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انضما م الحق نے کہا کہ آخری ٹیسٹ میں اچھی اننگز اور تیز کھیل کر اپنی ٹیم کو جتوانا چاہتا تھا لیکن آخری اننگز میں اس طرح آؤٹ ہو کر جانا اچھا نہیں لگا کیونکہ میں اپنی آخری اننگز یادگار بنانا چاہتا تھا جسے دنیا اور ٹیم یاد رکھتی لیکن ایسا نہ ہو سکا ،بلے باز اور باؤلرز کی جنگ میں آخری اننگز کے دوران پال ہیرس جیت گیا کیونکہ آج دنیا کا سب سے خطرناک باؤلر مجھے پال ہیرس ہی لگا جس نے مجھے آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شین وارن ، مرلی دھرن ، شان پولاک عظیم باؤلر ہیں ۔ ریٹائرمنت کے بعد اکیڈمی بنانے بارے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن بعد میں کوشش کروں گاکہ کرکٹ اکیڈمی بناؤں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سترہ سال جن لوگوں نے مجھے پسند کیا اور مجھے جو محبت دی میں اسے فراموش نہیں کر سکتا ۔ میرے دوستوں ، ماں باپ ، پرستاروں نے ہمیشہ میر ے لئے دعا کی ہے ،میری فیملی خصوصا میری بیوی جس نے آٹھ نو سال مشکل میں میرا ساتھ دیا سب کا احسان مند ہوں اور جس طرح لوگوں نے میرے لئے ہمیشہ دعا کی اب بھی انکی دعاؤں کا طلب گار ہوں ۔

میری خواہش تھی کہ ٹیسٹ کرکٹ کا اختتام ہوم گراؤنڈ سے کروں اور آج یہ خواہش پوری ہو رہی ہے ۔ شعیب ملک کی قیادت میں ٹیم بہترپرفارمنس دے رہی ہے ،20،20کرکٹ آ گئی ہے و ن ڈے بھی ہو رہی ہے جو اچھی چیز ہے ۔انضمام الحق نے کہا کہ انڈین پریمر لیگ اور انڈین کرکٹ لیگ دونوں کھیلنا چاہتا ہوں ۔