بینظیر بھٹو غیر ملکی ایجنڈا لے کر پاکستان آئی ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی۔۔۔نواز شریف اور بینظیر نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، آئندہ انتخابات میں ملک بنانے والی مسلم لیگ (ق) کا مقابلہ ملک توڑنے والی جماعت سے ہو گا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب

اتوار 21 اکتوبر 2007 18:56

بینظیر بھٹو غیر ملکی ایجنڈا لے کر پاکستان آئی ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی۔۔۔نواز ..
رحیم یار خان (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21اکتوبر2007 ) پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو ڈاکٹر قدیر خان کو غیر ملکیوں کے حوالے کرنے اور غیر ملکی افواج کو ملک پر چڑھائی کی اجازت دینے کا پروگرام لے کر وطن واپس آئی ہیں، بینظیر اور نواز شریف نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، آئندہ انتخابات میں ملک بنانے والی مسلم لیگ ق کا مقابلہ ملک توڑنے والی جماعت سے ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کالا باغ ڈیم کے معاملے پر عوام دشمنی کر رہی ہیں وہ سندھ کارڈ کھیلتی ہیں اور پنجاب میں آ کر کالاباغ ڈیم کے بارے میں مشورے کا کہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے ماضی میں سبق حاصل نہیں کیا اور وہ اپنی پرانی روایات پر قائم ہے بینظیر بھٹو اور نواز شریف نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا پیپلز پارٹی کی قیادت کی سوچ صرف ذات کی حد تک محدود ہے اس نے غریبوں کا روٹی، کپڑا اور مکان کا کھسا پٹا نعرہ بھی ختم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ملک بنانے والی مسلم لیگ (ق) کا مقابلہ ملک توڑنے والی جماعت سے ہو گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے رحیم یار خان اور راجن پور کے درمیان دریائے سندھ پر پونے 3 ارب روپے کی لاگت سے پل کی تعمیر کے منصوبے اور رحیم یار خان میں نئے اسٹیڈیم، سیوریج، پولیس ریسکیو اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا۔