بینظیر بھٹو کی لاہورآمد ‘شاندار استقبال ‘گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ کے باوجودسینکڑوں کارکن ایئر پور ٹ پہنچنے میں کامیاب ۔جمہوریت کیلئے جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرونگی‘پنجاب کے حکمران سیاسی یتیم ہیں جلد انکا خاتمہ ہو جائیگا‘ بینظیر بھٹو کی صحافیوں سے گفتگو۔ (اپ ڈیٹ 2)

اتوار 11 نومبر 2007 15:39

بینظیر بھٹو کی لاہورآمد ‘شاندار استقبال ‘گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ کے ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار11 نومبر2007) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو ساڑھے 8 سال بعد گزشتہ روز فلائٹ نمبرپی کے 621پراسلام آباد سے لاہور پہنچیں ۔ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین  پولٹیکل سیکریٹری ناہید خان ‘سیکورٹی انچارج رحمن ملک ‘راجہ پرویز اشرف ‘شریں رحمان اوردیگر رہنما بھی موجود تھے جبکہ ائیر پورٹ آمد پر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر‘ پنجاب کے صدر شاہ محمود قریشی ‘جنرل سیکرٹری غلام عباس ‘لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں سمیت سینکڑوں کارکنوں نے انکا شاندار استقبال کیا ۔

بینظیر بھٹو کی آمد سے قبل ہی پیپلز پارٹی کے جیالوں کی بہت بڑی تعداد مختلف ذرائع سے ائیر پورٹ پہنچنے پر کامیاب ہوئی اور ائیر پورٹ پر وزیر اعظم بینظیر ‘اب راج کریگی بینظیر‘ جئے بھٹو  جئے بینظیر ‘ویلکم بینظیر ویلکم بینظیر‘کے نعرے لگاتے رہے ۔

(جاری ہے)

بینظیر بھٹو کی لاہور ائیر پورٹ آمد کے موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی طرف سے بھی سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

بینظیر بھٹو نے لاہور ایئر پورٹ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج کا کام صرف سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے فوجی عدالتوں میں عوام کے کوٹ مارشل سے حالات درست نہیں بلکہ خراب ہو جائینگے ۔ آج ہم نے اپنی فوج کو اپنے ہی علاقوں میں جنگ میں مصروف کر رکھا ہے ۔ فوج اتنے زیادہ کام نہیں کر سکتی اسے صرف اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران سیاسی یتیم ہیں جلد انکی سیاست کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائیگا۔ 13نومبرکو ہر حال میں لانگ مارچ ہو گا اور اگر سیاسی یتیموں نے ہمیں روکنے کی کوشش کی تو عوام کا سیلاب انہیں بہا کر لے جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور آمد پر خوش ہوں کیونکہ یہ پنجاب کا دل اور داتا کی نگری ہے ۔ جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھوں کی چاہے اس کیلئے مجھے اپنی جان ہی کیوں نہ دینی پڑے ۔ انہو ں نے کہا کہ جنرل مشرف کے صرف وردی اتارنے سے جمہوریت نہیں آئے گی انہیں جمہوریت کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا ہے جس کیلئے ہمارے مطالبات بھی ہیں ۔
بینظیر بھٹو کی لاہورآمد ‘شاندار استقبال ‘گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ کے ..