مختلف سیاسی رہنماؤں کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری، بینظیربھٹو، نوازشریف، مولانافضل الرحمان، چوہدری شجاعت اور دیگر رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئے

پیر 26 نومبر 2007 14:41

مختلف سیاسی رہنماؤں کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری، ..
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار26 نومبر2007) عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی آج رات بارہ بجے تک جمع کرائے جارہے ہیں۔ ابتک بینظیر بھٹو، میاں‌نوازشریف، مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت حسین اور پرویزالہیٰ سمیت مختلف رہنماء اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں اضافے کے بعد آج رات بارہ بجے تک کاغذات جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیربھٹو نے لاڑکانہ شہر کے حلقہ این اے دو سو چار پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جبکہ میاں‌نوازشریف نے رائے ونڈ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں‌این اے چوبیس کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ کےسربراہ چوہدری شجاعت حسین نے گجرات سے حلقہ این اے ایک سو پانچ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کی طرف سے احمد مختار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

چوہدری احمد مختار نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی ایک سو گیارہ سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جبکہ سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پی بی ایک سو دس سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ان کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے انسٹھ سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ بلوچستان کے سابق وزیراعلٰی جام محمد یوسف نے بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی چوالیس سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

جبکہ سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ جمالی نے جعفرآباد میں‌قومی اسمبلی کے حلقے دو سو چھیاسٹھ سے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرادئے ہیں۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے ایک سو اڑتالیس سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جبکہ ایم ایم اے کے رہنماؤں لیاقت بلوچ نے این اے ایک سو چھبیس، فرید پراچہ نے این اے ایک سو اکیس اور حافظ‌ سلمان بٹ نے این اے ایک سو اٹھارہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نےحلقہ این اے پچپن اور چھپن کیلئے اپنےکاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اعتزاز احسن ، سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر اور پنجاب اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف قاسم ضیاء سمیت متعدد اہم سیاسی رہنمائوں نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادئے ہیں۔ سندھ میں مختلف اضلاع سے تین سو اٹھاون امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے ۔

کراچی میں امتیاز شیخ، سردار غلام مصطفٰی خاصخیلی، مرزا اختیار بیگ، رئوف صدیقی، حلیم صدیقی، نادیہ گبول اور مفتی عبدالحق سمیت اٹھاسی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ این اے دو سو چار لاڑکانہ ایک پر پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئے۔ ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو سے ہوگا۔

کو ئٹہ سے قو می اسمبلی کی دو نشستو ں کیلئے بارہ امید واروں اور صوبائی اسمبلی کی چھ نشستو ں کیلئے چھ امید واروں نے کاغذات نامزدگی جمع کر ائے۔ صوبہ سرحد میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بنوں میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ۔ پشاورمیں سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ قاف صوبہ سرحد کے صدر انجنئیرامیر مقام نے این اے چار اور پی ایف گیارہ سے کاغذات نامزدگی جمع کر ادیےجبکہ سابق صوبائی وزیر آصف اقبال داودزئی سمیت اٹھارہ امید واروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔