بینظیر بھٹو کا جسد خاکی لاڑکانہ روانہ کردیا گیا، آصف زرداری اور ان کے بچے میت کیساتھ ہیں ۔ (اپ ڈیٹ 3)

جمعرات 27 دسمبر 2007 02:21

بینظیر بھٹو کا جسد خاکی لاڑکانہ روانہ کردیا گیا، آصف زرداری اور ان ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 27/28دسمبر 2007ء ) پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کا جسد خاکی لاڑکانہ روانہ کردیا گیا ہے۔۔۔ بینظیر بھٹو کے شوہر آصف زرداری ان کے بچے بلاول، آصفہ اور بختاور بھی میت کیساتھ ہیں۔ بینظیر بھٹو کی آج ان کے آبائی گاؤں گڑھی خدابخش میں تدفین ہوگی۔ پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹوراولپنڈی میں خود کش حملے میں جاں بحق ہو گئی تھیں۔

انا للہ وانا الیہ راجعون ۔۔۔۔ محترمہ بے نظیر بھٹو لیاقت باغ میں جلسہ سے خطاب کے بعد واپس روانہ ہوئیں تو ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور ایک گولی ان کی گردن پر لگی جس کی بناء پر وہ شدید زخمی ہوگئیں اسی دوران خود کش بم دھماکہ بھی ہوا جس میں 30سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے ۔ بے نظیر بھٹو کو فوری طور پر راولپنڈی کےجنرل ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا آپریشن کیا اور گولی نکال لی۔

(جاری ہے)

اس دوران بے نظیر بھٹو بے ہوش ہو گئیں اور ان کی سانس بند ہوگئی۔ ڈاکٹروں نے بھرپور کوشش کی کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی جان بچائی جاسکے لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے ۔اور بے نظیر بھٹو شام چھ بجے کے قریب راولپنڈی کے جنرل ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملیں ۔یہ خبر سنتے ہی پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں میں صف ماتم بچھ گئی اور انہوں نے ہسپتال کے باہر دھاڑیں مار کررونا شروع کردیا ۔ بے نظیر بھٹو کے سکیورٹی ایڈوائزر رحمان ملک،شیریں رحمان اور ناہید خان سمیت درجنوں افرادبھی زخمی ہوئے ہیں۔بینظیر بھٹو کے جاں بحق ہونے پر صدرپرویز مشرف،نگراں کابینہ اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے، اور تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :