کراچی سمیت سندھ کے چار بڑےشہروں میں فوج اور پنجاب کے سات بڑے شہروں کو رینجرز کے حوالے کردیا گیا،، جعفر آباد اور نصیر آباد میں ایف سی طلب، سندھ میں شرپسند عناصر کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم

جمعہ 28 دسمبر 2007 13:31

کراچی سمیت سندھ کے چار بڑےشہروں میں فوج اور پنجاب کے سات بڑے شہروں کو ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28دسمبر۔2007ء) سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو کے جاں بحق ہونے کے بعد ہنگامہ آرائی کے واقعات کی روک تھام کیلئے کراچی سمیت سندھ کے چار بڑےشہروں میں فوج اور پنجاب کے سات بڑے شہروں کو رینجرز کے حوالے کردیا گیاہے۔ ادھر سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں قیام امن کیلئے ایف سی طلب کرلی گئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے چار بڑے شہروں حیدر آباد، سکھر اورلاڑکانہ میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نگراں صوبائی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اختر ضامن نے صوبے بھر میں سیکورٹی فورسز کو ہدایت کی ہے کہ وہ شر پسند عناصر کو دیکھتے ہی گولی ماردیں، انہوں نے بتایا کہ رینجرز اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامہ آرائی کرنے والے شرپسند عناصر کو گولی مار دیں۔ ادھر اسلام آباد اورلاہورسمیت صوبہ پنجاب کے سات بڑے شہروں کو رینجرز کے حوالے کردیا گیا ہے۔ یہ احکامات بےنظیر بھٹو کے جاں بحق ہونے کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کیلئے کیاگیا ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ایف سی تعینات کی گئی ہے۔ ڈیرہ مراد جمالی ، جعفر آباد اور نصیر آباد سمیت شورش زدہ علاقوں میں سیکورٹی کیلئے ایف سی کو طلب کرلیا گیا ہے۔