ہنگو، عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق، جوابی کارروائی سے40ہلاک،60سے زائد زخمی۔اپ ڈیٹ

پیر 21 جنوری 2008 19:15

ہنگو، عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق، جوابی کارروائی ..
ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری۔2008ء) ہنگو شہر کے مضافاتی علاقوں پاس کلے، سیدان بانڈہ اورگنجا نوکلے پر دس اور گیارہ محرم الحرام کی درمیانی شب عسکریت پسندوں کی طرف سے بھاری ہتھیاروں، مارٹرگولوں،ر اکٹ لانچروں حملہ کیا گیا شدید شیلنگ کے باعث ایک گھر میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 20سے زائد زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز اور عوام کی طرف سے دفاعی فائرنگ و شیلنگ کے نتیجے میں40سے زائد عسکریت پسند ہلاک اور60 سے زائد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شیعہ سنی مشترکہ جرگہ کی طرف سے ہنگو میں سیز فائر کی خلاف ورزی پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کے باوجود عسکریت پسندوں نے خلاف ورزی کرتے ہوئے رات بھر شیلنگ کی جس سے درجنوں مکانات تباہ اور بعض جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے مقامی عسکریت پسندوں کی مدد کے لیے علاقہ غیراورکزئی اور وزیرستان سے بھی عسکریت پسندوں کے مسلح لشکروں نے ہنگو کے مضافاتی علاقوں پرلشکر کشی کرکے چڑھائی کی کوشش کی تاہم ان علاقوں کے بہادر عوام نے ان ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملادے ہنگو کے عوامی و سماجی اورمذہبی حلقوں نے حکومت و انتظامیہ سے بربریت و دہشت گردی کے مرتکب شرپسندوں کو کڑی اور عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے دریں اثناء آخری و تازہ اطلاعات آنے تک ہنگو میں لڑائی کی شدت میں خاصی کمی آئی ہے اور حکومت و سیکورٹی فورسز کی طرف سے حالات مکمل طور پر کنٹرول میں ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم عسکریت پسند اب بھی وقفے وقفے سے گولے داغ رہے ہیں۔