پاکستان نے چوتھے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کرلی ، شعیب ملک کو شاندار آل راوٴنڈکارکردگی پر مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا،محمد یوسف 108رنزکے ساتھ ناقابل شکست رہے

بدھ 30 جنوری 2008 19:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری۔2008ء) پاکستان نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چوتھے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کرلی ہے ،شعیب ملک کو شاندار آل راوٴنڈکارکردگی پر مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا،محمد یوسف 108رنزکے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔بدھ کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان مسکاٹزا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم یہ فیصلہ ان کے لئے مفید ثابت نہ ہوسکااورابتدائی دو وکٹیں صرف 12کے مجموعی سکورپر گرگئی ،سات کے سکورپرسباندہ صرف تین اوربارہ کے سکورپر مسکاٹزا صرف دو رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے ،تاہم تیسری وکٹ کی شراکت میں 85رنز بنے ۔

(جاری ہے)

ولیمز نے 48،تیبونے 51 اور دابنگھوا 45رنزکی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی ۔زمبابوے کی پوری ٹیم 49.5اوورز میں 244رنز بنا کرآوٴٹ ہوگئی ۔ پاکستان کی طرف سے کپتان شعیب ملک نے 55رنز دے کر تین، کامران حسین نے 32 رنز دے کر دو اور سہیل خان، شاہد آفریدی اور فواد عالم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 245رنز کے ہدف کے تعاقب میں گزشتہ تین میچوں کے برعکس چوتھے میچ میں پاکستانی اوپنرر ایک اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب سیریز کے ابتدائی تین میچوں میں نصف سنچریاں بنانے والے ناصر جمشید صرف اٹھارہ کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے اوراس وقت ان کا انفرادی سکورگیارہ تھا ۔ ناصر جمشید کے آوٴٹ ہونے کے بعد اوپنر خالد لطیف نے کپتان شعیب ملک کے ساتھ مل کر سکور کو66 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر خالد لطیف19 کے انفرادی سکور پر کیچ آوٴٹ ہوگئے۔

ان کے بعد آوٴٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی شعیب ملک تھے جو 88رنز کی شاندار اننگز کھیل کررن آوٴٹ ہوگئے اس وقت پاکستان کو فتح کیلئے 38رنز کی ضرورت تھی اوراس کی سات وکٹیں اوردس اوورز باقی تھے ۔ شعیب ملک نے اپنی اننگز میں دس چوکے لگا کرتماشائیوں سے بھرپورداد حاصل کی ۔ان کے بعدمحمد یوسف نے فواد عالم سے مل کرٹیم کو فتح یاب کرا یا۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف تین اوورز قبل ہی 47اوورز میں245رنز بنا کرحاصل کرلیا۔محمد یوسف نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 108رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ فواد عالم 12رنز بنا کرناٹ آوٴٹ رہے ۔زمبابوے کی طرف سے چیکمبورا اورمپوفو ایک ،ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ،شعیب ملک کو شاندار آل راوٴنڈ کارکردگی پرمین آف دی میچ قراردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :