سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم کی رپورٹ من گھڑت ‘بے بنیاد اور محض ایک افسانہ حقائق کے منافی ہے‘ناہید خان

اتوار 10 فروری 2008 12:39

خیرپور ٹامیوالی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10 فروری2008 )شہید بے نظیر بھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم کی رپورٹ من گھڑت بے بنیاد اور محض ایک افسانہ حقائق کے منافی ہے- بے نظیر بھٹو 6 سیکنڈ دھماکے سے قبل گاڑی میں گر گئی تھیں ان کی شہادت دھماکے سے نہیں ہوئی بلکہ گولی لگنے سے ہوئی ہے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی حلقہ این اے 186 کے امیدوار قومی اسمبلی میاں نوازش علی پیرزادہ‘ امیدوار صوبائی اسمبلی راؤ طارق محمود ضلعی نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی بہاولپور سجاد حسین عباسی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفود سے کیا- انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں اپنے قاتلوں کی نشاندہی کر دی تھی ان کو گرفتار کیا جاتا اور انہیں شامل تفتیش کیا جاتا مگر نگران حکومت اور صدر پرویز مشرف نے تفتیش کا رخ غلط سمت کی طرف ڈالا اور سکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم کو اپنی جاری کردہ رپورٹ پر اتفاق کراتے ہوئے اسے جاری کرایا پاکستان پیپلزپارٹی اس رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتی ہے- انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلزپارٹی برسراقتدار آئی تو سب سے پہلے محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تفتیش اقوام متحدہ سے کرائے گی ناہید خان نے کہا کہ موجودہ حکومت 18 فروری کے انتخابات میں مکمل طور پر دھاندلی کا پروگرام بنا چکی ہے اور ق لیگ کو جھرلو کے ذریعے لانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں مگر پیپلزپارٹی اس دھاندلی کے باوجود بھی انتخابات میں حصہ لے گی اگر پیپلزپارٹی کو 145 نشستیں نہ ملیں تو احتجاج کا ایک انوکھا طریقہ ایجاد کیا جائے گا جو سول نافرمانی کی تحریک ہو گی انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنا ن اپنے اپنے حلقہ کے امیدوار کے خلاف حکومتی سطح پر ہونے والی دھاندلی کو ناکام بناتے ہوئے پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کر لیں اور نتیجہ لے کر ہی واپس آئیں-