فیصل آباد، ڈنمارک کے اخبارات میں گستاخی رسالت پر مبنی خاکوں کی اشاعت کیخلاف گزشہ روزیوم احتجاج منایا گیا

جمعہ 7 مارچ 2008 19:57

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07 مارچ 2008 ) ڈنمارک کے اخبارات کی طرف سے گستاخی رسالت پر مبنی خاکوں کی اشاعت کے خلاف گزشتہ روز یوم احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف مساجد میں مذمتی بیانات کے علاوہ مساجد کے باہر ڈنمارک اور دیگر خاکے شائع کرانے والے ممالک کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ پریس کلب میں جمعیت علماء پاکستان کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت قائمقام جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید اختر، ڈاکٹر ثاقب رحمان، مفتی عبدالشکور رضوی، محمد بابر قادری، سید فضل قدیر، مولانا خادم حسین، عطا محمد انصاری، معظم جیلانی اور عبدالستار انصاری نے کی۔

بعد ازاں ریلی بھی نکالی گئی جس کا اختتام چوک گھنٹہ گھر میں ہوا۔ چوک گھنٹہ گھر میں پیغام واپڈا یونین کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ بھی کیا گیا جس میں مرکزی چیئرمین سراج ثاقب نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مختلف کالجوں میں طلباء تنظیموں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔گول جامع مسجد میں صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، جامع مسجد کچہری بازار میں مفتی محمد ضیاء مدنی، انجمن تاجران سٹی کے صدر خواجہ شاہد رزاق سکا اور دیگر مذہبی، سیاسی، سماجی و کاروباری تنظیموں کے راہنماؤں نے ڈنمارک اور دیگر ممالک کے اخبارات کی جانب سے پیغمبر اسلام کے توہین آمیز اور گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے خلاف اظہار مذمت کیا۔

مقررین نے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل پرویز مشرف اور ان کی حکومت مغرب کی آلہ کار بن چکی ہے۔ شان رسالت پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بش دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔18فروری کو پاکستانیوں نے اسلام مخالف لابیوں کو شکست فاش دے دی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈنمارک کی حکومت کو معافی پر مجبور کرے بصورت دیگر اس کا بائیکاٹ کرے۔

متعلقہ عنوان :