نو منتخب ارکان اسمبلی انیس سو تہتر کے آئین کے تحت حلف اٹھائیں گے ، اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین،اجلاس کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات، دو سو سے زائد افراد گرفتار

جمعہ 14 مارچ 2008 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2008ء) اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین نے کہا ہے کہ نو منتخب ارکان اسمبلی انیس سو تہتر کے آئین کے تحت حلف اٹھائیں گے ، جبکہ اسلام آباد میں اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر دو سو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری امیر حسین نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات انیس مارچ کو ہوں گے جس کے لئے کاغذات نامزدگی اٹھار ہ مارچ کو وصول کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس انیس مارچ کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا جائے گا ۔ معزول ججوں کی بحالی سے متعلق قرارداد کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سے منظور ہونے والی قرار دادوں کی حیثیت محض سفارش کی ہوتی ہے ۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے موقع پر کسی ممکنہ دہشتگردی کے واقعہ کو روکنے کے لئے اسلام آباد پولیس نے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے جس کے دوران دو سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی اسلام آباد سید کلیم امام کے مطابق حساس اداروں نے قومی اسمبلی کے اپہلے اجلاس کے موقع پر ممکنہ دہشتگردی کا امکان ظاہر کیا تھا جس پر یہ کاروائی کی گئی ہے ۔