پاکستان ، بنگلہ دیش ون ڈے انٹر نیشنل میچ کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات

جمعرات 10 اپریل 2008 20:40

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10اپریل 2008 ) پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جمعہ گیارہ اپریل کو کھیلے جانے والے ون ڈے انٹر نیشنل میچ کے لئے فول پروف سیکورٹی سمیت تمام انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ بدھ کو فیصل آباد پہنچنے والی دونوں ٹیموں نے جمعرات کو دوسرے روز بھی اقبال سٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کی۔ گذشتہ دو روز سے مقررہ اوقات میں فلڈ لائٹس جلا کر اسے ڈے اینڈ نائٹ میچ کی لائٹوں کا ٹیسٹ رن مکمل کرلیا گیا ہے۔

ڈی سی او میجر(ر) اعظم سلیمان خان کی جانب سے میچ انتظامات کے لئے پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی ڈیوٹیاں کگادی گئی ہیں اور انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق انپے فرائض کی انجام دہی شروع کردی ہے ۔اس موقع پر سیکورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے پولیس ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی اپریشن محمد اسلم ترین نے اڑھائی ہزار سے زیادہ افسران اور اہلکار وں کی ڈیوٹیاں لگادی ہیں جن میں 6 ایس پی‘ 20 ڈی ایس پی‘ 260 سب انسپکٹر و اے ایس آئی اور 2400 کانسٹیبل و کانسٹیبلان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سٹیڈیم میں عارضی چیک پوسٹ قائم کر دی گئی ہے دونوں ٹیموں کے ساتھ پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کے علاوہ سادہ پوش اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں ۔ کھلاڑیوں کے ہوٹل اور سٹیڈیم میں سیکورٹی اہلکاروں نے ڈیوٹی سنبھال لی ہے جو شفٹوں میں راؤنڈ دی کلاک ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ نگرانی کے لئے سٹیڈیم میں 18 کیمرے نصب کرکے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جن کی مدد سے تمام انکلوژر کے علاوہ سٹیڈیم کے اطراف کی بھی نگرانی ہو گی۔

سٹیڈیم کے تمام انکلوژرز میں واک تھرو گیٹس کے ذریعے داخلہ ہو گا اس سلسلے میں مین گیٹ اور تمام انکلوژر پر واک تھرو گیٹس لگادئیے گئے ہیں۔ ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ سٹیڈیم میں صرف کھلاڑیوں کی کوچز ریسکیو 1122 کی گاڑی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمبولینس پارک ہوسکے گی ۔ وی آئی پی سٹکر والی گاڑیاں وی آئی پی کو اتار کرآرٹس کونسل کے احاطہ میں پارک ہونگی اورجنرل پارکنگ ڈی پی ایس گراؤنڈ میں ہو گی ۔

ٹیموں کی ہوٹل سے سٹیڈیم آمد اور واپسی کے موقع پرسیکورٹی وجوہ کی بنا پر روٹ پر ٹریفک روک دی جائے گی ۔ ریجنل ڈویلپمنٹ مینجر پی سی بی مصدق رسول خان کے مطابق سٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیا پانی و مشروبات کی بوتلیں اور بیگ وغیرہ لے جانے پر پابندی ہو گی لہذا شائقین کرکٹ کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لئے یہ اشیاء اپنے ساتھ لانے سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم میں داخلہ ایک بجے شروع ہو گا اور میچ سہ پہر تین بجے شروع ہو کر رات گیارہ بجے ختم ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :