سندھ کابینہ کے مزید 20 نئے وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا

جمعہ 2 مئی 2008 22:55

سندھ کابینہ کے مزید 20 نئے وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2008ء) سندھ کابینہ کے مزید 20 نئے وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے متحدہ قومی موومنٹ اور پی پی پی سے تعلق رکھنے والے 20 وزراء سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ اس طرح کابینہ کے وزراء کی مجموعی تعداد 41 ہوگئی ہے جبکہ کابینہ کے ارکان کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔

جن میں 41 وزراء اور 4 مشیر شامل ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزراء ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ، اعلیٰ سول وفوجی حکام، سفراء، متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نئے 20 وزیروں میں سے 13 کا متحدہ قومی موومنٹ جبکہ 7 کا پی پی پی سے تعلق ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کے وزراء میں سید شعیب احمد بخاری، ڈاکٹر محمد علی شاہ، خالد بن ولایت، محمد عادل صدیقی، عبدالرؤف صدیقی، ڈاکٹر صغیر انصاری، سید فیصل سبزواری، شیخ محمد افضل، ڈاکٹر زبیر احمد خان، نادیہ گبول ، رضا ہارون، عسکری تقوی اور عبدالحسیب شامل ہیں جبکہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزراء میں مخدوم جمیل الزماں، جاوید بھرگڑی، علی مردان شاہ، محمد رفیق انجینئر ،علی نواز شاہ، آغا تیمور خان پٹھان اور ڈاکٹر موہن لعل شامل ہیں۔

ان وزراء کی حلف برداری کے بعد کابینہ کے ارکان کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی ہے جبکہ دونوں جماعتوں کے ایک ایک معاون خصوصی بھی شامل ہیں۔ سندھ کابینہ میں پیپلز پارٹی کے 27 ، متحدہ قومی موومنٹ کے 13 اور اے این پی کے ایک وزراء جبکہ پی پی پی کے تین اور متحدہ کا ایک مشیر شامل ہے۔ اس طرح موجودہ کابینہ ارباب رحیم کی کابینہ سے بڑی کابینہ ثابت ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ ماضی میں پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں ملک کے مختلف باالخصوص سندھ میں کابینہ کا حجم بڑا ہونے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :