فیصل آبا د میں آٹے کے سرکاری نرخوں میں 10۔ روپے فی کلو گرام تھیلہ کمی کر دی گئی

ہفتہ 3 مئی 2008 20:14

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین03مئی2008 ) فیصل آبا د میں آٹے کے سرکاری نرخوں میں 10۔ روپے فی کلو گرام تھیلہ کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد مارکیٹ میں اب 20 کلو گرام آٹے کا تھیلہ 365 روپے اور ایکس مل ریٹ پر 355 روپے میں ملے گا۔ اس بات کا فیصلہ ہفتہ کو ڈی سی او میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں سینئر ایڈ منسٹریٹو آفیسر لیاقت علی چٹھہ‘ ڈی ایف سی رانا خداداد خاں ‘ فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عقیل خاں دیگر اراکین و متعلقین نے شرکت کی۔

ڈی سی او نے کہا کہ ضلع میں آٹے کی دستیابی کی صورت حال میں بہتری آ گئی ہے اور آٹے سے صارفین کو ریلیف ملنا چائیے۔ جس میں فلور ملز ایسوسی ایشن نے رضا کارانہ طور پر آٹے کے 20 کلو گرام تھیلے میں 10روپے کمی کرنے کا اعلان کیا اب نئے ریٹ کے مطابق 20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت عام مارکیٹ میں 365 روپے اور ایکس مل ریٹ پر 355 روپے ہو گا۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے اس اعلان کو سراہتے ہوئے ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی سی او کی ہدایت پر اتوار ‘ جمعہ اور سستے بازاروں میں 20 کلو گرام آٹے کا تھیلہ 355 روپے میں فروخت ہو گا۔ بعد اذاں ڈی سی او نے محکمہ خوراک کے زیر اہتمام گندم کی خریداری مہم کا جائزہ لیا اور محکمہ خوراک کے مقامی افسروں کو مقررہ ہدف کے حصول کے لئے تمام تر صلاحتیوں کو برؤے کار لانے کی ہدایت کی۔