چین میں تباہ کن زلزلے سے ہزاروں افراد کی ہلاکت پر آج سے تین روزہ قومی سوگ کا آغاز، ملک بھر اور بیرون ملک چینی پرچم سرنگوں، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری، مزید دو خواتین کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا

پیر 19 مئی 2008 11:34

چین میں تباہ کن زلزلے سے ہزاروں افراد کی ہلاکت پر آج سے تین روزہ قومی ..
سیچوآن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی۔2008ء) چین میں تباہ کن زلزلے سے ہزاروں افراد کی ہلاکت پر آج سے تین روزہ قومی سوگ منایا جارہا ہے ۔ جبکہ چینی صدر ہوجن تاؤ نے امداد بھیجنے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ چین میں آج سے تین روزہ قومی سوگ منایا جارہا ہے ۔ بیجنگ کے تیانانمن اسکوائر سمیت ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں کردیا گیا ہے جبکہ بیرون ملک چینی سفارتخانوں پربھی قومی پرچم تین روز کے لئے سرنگوں رہے گا، ملک بھر میں تفریح کی تمام تقریبات و سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔

چینی حکام کے مطابق دوپہر دو بج کر آٹھائیس منٹ پر چینی عوام تین منٹ کیلئے خاموشی اختیار کریں گے ، یہ وہی وقت ہے جب آج سے ایک ہفتہ قبل سات اعشاریہ آٹھ کی شدت سے چینی صوبے سیچوآن میں قیامت خیز زلزلہ آیا ، جس کے نتیجے میں اب تک بتیس ہزار پانچ سو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

سیچوآن کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، زلزلے کے سات روز بعد بیچوآن اور دیانگ کے علاقوں سے دو معمر خواتین کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا جس کے بعد ملبے سے زندہ نکال لئے جانے والے افراد کی تعداد پینسٹھ سے زائد ہوگئی ہے ۔

سیچوآن میں اب بھی ساڑھے نو ہزار افراد ملبے میں دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے ۔ چینی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فرائض سے غفلت برتنے پر تین مقامی افسران کو برخاست کردیا گیا ہے ۔ دوسری جانب چین کے صدر ہو جنتاوٴ نے امداد بھیجنے پر عالمی برداری کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ چین کے حکام کے مطابق بیرونی ممالک کی طرف امداد کی مالیت چھیاسی کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :