حکومت کی طرف سے مجوزہ آئینی پیکج بجٹ اجلاس سے قبل پارلیمنٹ میں پیش ہو سکتا ہے، راجہ ریاض ،پنجاب میں اتحادی حکومت کے سا تھ ورکنگ ریلیشن شپ سے متعلق کمیٹی کا اجلاس 29 مئی کو ہو گا، صحافیوں سے خطاب

پیر 26 مئی 2008 20:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی۔2008ء) سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے مجوزہ آئینی پیکج بجٹ اجلاس سے قبل پارلیمنٹ میں پیش ہو سکتا ہے جو امید ہے کہ جولائی میں منظور ہو جائے گا ۔ انہوں نے یہ بات پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نارتھ زون کی مقامی ریسٹورنٹ میں منعقدہ اسقبالیہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین چوہدری محمد اسلم ، فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین شیخ اشفاق احمد بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ آئینی پیکج حتمی شکل نہیں مشاورت اور گفت و شنید سے اس میں ترامیم کی گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اتحادی حکومت کے مابین انتظامی اور سیاسی امور کے سلسلے میں ورکنگ ریلیشن شپ سے متعلق قائم کمیٹی کا اجلاس 29 مئی کو ہو گا جس میں بعض اہم امور پر صلاح مشورہ اور بات چیت کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سینئر صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ روز گار کے مواقع فراہم کرنے کرنے اور معاشی خوشحالی کے لئے صنعتی اور ٹیکسٹائل شعبے کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے جلد انقلابی پالیسیاں متعارف کروائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو بہت سارے مسائل ورثے میں ملے ہیں جن کا فوری حل ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ماہرین کو ٹاسک دے دیا گیا ہے اور انکے اندازے کے مطابق لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر ایک سال تک قابو پالیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہوزری انڈسٹری کو درپیش مسائل کے ازالہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور آئندہ ہفتے ان کے نمائندہ وفد کی وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کروائی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ضلعی حکومتوں کے نظام میں بعض خامیوں کے تدارک کے لئے پنجاب حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور اشیاء کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کے لئے چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام قائم کرنے کے علاوہ شتر بے مہار نظام کی اصلاح کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے ۔ مہنگائی اور عوام کے دیگرمسائل کوحل کرنے میں مدد ملے گی۔اس سے قبل پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن فیصل آباد کے چیئرمین محمد جاوید اسلم نے خطبہ استقبالیہ میں ہوزری انڈسٹری کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے ہوزری کی پاکستانی مصنوعات بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے قابل نہیں جو کہ اس انڈسٹری کے لئے نقصان دہ امر ہے لہذا حکومت ضروری مراعات اور سہولیات دیکر اس انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں سہارا فراہم کرے جس میں ملکی معیشت اور اس انڈسٹری دونوں کا فائدہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :